اسرائیلی بمباری کے درمیان غزہ میں عیدالفطر
عید کے موقع پر اسرائیل نے وسطی غزہ پر بمباری کی جس میں پناہ گزین کیمپ میں 14 افراد شہید ہو گئے
غزہ ،10اپریل :۔
پورا عالم عرب اور خلیجی ممالک عید کی خوشیوں میں ڈوبا ہوا ہے ،ہر طرف شاداں و فرحاں ماحول ہے مگر وہیں غزہ میں اسرائیل کی بمباری کے درمیان فلسطینیوں کی خون میں ڈوبی عید منائی گئی ۔عین عید کی تیاریوں میں مصروف ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل نے بمباری کی اور 14 افراد شہید ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ میں نوصیرات کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں چار بچوں سمیت کم از کم 14 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ وہ عید کی آمد کی خوشیاں منانے کی تیاری کر رہے تھے۔
الجزیرہ کی خبر کے مطابق، اسرائیلی فوجی ڈرون ابھی بھی غزہ میں گونج رہے ہیں، صرف فلسطینیوں کو یہ یاد دلانے کے لیے کہ وہاں تحفظ کا کوئی احساس نہیں ہے۔اسرائیلی غزہ کے لوگوں کو یہ احساس دلا رہے ہیں کہ آج عید کی خوشیوں کا دن ہے لیکن اس جشن کے ماحول میں بھی انہیں خون میں ڈوبی غم کی شام ہی نصیب ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عید الفطر کی اپنی سالانہ مبارکباد میں غزہ اور دیگر مقامات پر مسلمانوں کو متاثر کرنے والے تشدد پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ”میرا دل یہ جان کر ٹوٹ گیا ہے کہ غزہ، سوڈان اور بہت سی دوسری جگہوں پر، تنازعات اور بھوک کی وجہ سے اتنے مسلمان عید صحیح طریقے سے نہیں منا سکیں گے۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی، UNRWA نے سوشل میڈیا پر "پرامن اور بابرکت عید الفطر” کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔
ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ "ہم غزہ، مغربی کنارے اور پورے خطے میں تنازعات، نقل مکانی اور خوف کا سامنا کرنے والوں کے لیے جو کچھ ہو رہا ہے، غم سے بھرے دل کے ساتھ عید الفطر کا استقبال کرتے ہیں۔