اردن نے تل ابیب سے اپنا سفیر واپس بلانے  کاکیا اعلان

اردن نے  اسرائیل سے  کہا ہے کہ وہ بھی اپنا سفیر عمان بھیجنے سے گریز کرے

غزہ ،02نومبر :۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان  جاری جنگ مشرق وسطیٰ کی صورت حال کو کشیدہ کر دیا ہے ۔ اسرائیل نے حماس کے حملے کے  جواب میں غزہ پر زبردست حملہ کر رکھا ہے ۔اس حملے کے بعد دنیا کے ممالک دو گرہ میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں ۔ ایک جانب وہ ممالک ہیں جو فوری جنگ بندی کے حق میں ہیں جبکہ دوسرے وہ فریق ہیں جو اسرائیل کو اس کے جواب دینے کے حق کی حمایت  کر رہے ہیں امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

اب عرب ممالک میں سے پہلے ملک  یعنی اردن نے تل ابیب سے اپنا سفیر واپس بلوانے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ بھی اپنا سفیر عمان بھیجنے سے گریز کرے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ  کے مطابق وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سفیروں کے دوطرفہ تبادلے کا معاملہ اب غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوانے سے مشروط ہے۔

عمان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ جنگ کے تناظر میں اردن کے اندر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر عمان میں تعینات اسرائیلی سفیر دو ہفتے قبل اسرائیل چلے گئے وہ بھی اب صرف غزہ میں جنگ بندی کی صورت میں ہی واپس آ سکیں گے۔