”اخلاقی محاسن، آزادی کے ضامن“ جماعت اسلامی ہند کی مہم کا اختتام
نئی دہلی 3اکتوبر :
جماعت اسلامی ہند، شعبہ خواتین کی ستمبر کے پورے مہینے پر محیط مہم ’اخلاقی محاسن، آزادی کے ضامن‘ اختتام کو پہنچی۔ نیو وے پبلک اسکول فضل چوک، ذاکر نگر میں مقامی جماعت کا اختتامی پروگرام بڑے پر وقار انداز میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مہم کے دوران منعقد کئے گئے مختلف مسابقاتی پروگراموں کی فاتحین اور شرکا کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس پروگرام میں 150 سے زائد خواتین اور تقریباً 50 بچوں نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر صبیحہ خانم نے علاقہ کی تمام خواتین کو مبارکباد دی جن کی کوششوں اور دلچسپیوں سے یہ مہم کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے اختتام کا یہ مطلب ہرگزنہیں ہے کہ ہمارا کام بھی ختم ہو گیا، بلکہ کام تو صحیح معنوں میں اب شروع ہوا ہے۔ابھی تو زمین کی تیاری کا عمل پورا ہوا ہے اب ہمیں اسی جوش اور جذبہ کے ساتھ تخم ریزی کا عمل پورا کرنا ہے۔ پھر آبیاری اور دیگر مراحل سامنے آئیں گے۔ پہلے مرحلہ میں ہم نے جو محنت کی ہے اس سے ہماری قوت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح ہر مرحلہ ہماری قوت اور حوصلہ میں اضافہ کرنے والا ہوگا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم میدان میں ڈٹے رہیں اور اپنی ذمہ داری ادا کرتے رہیں۔
اس موقع پر سی آئی او کے بچوں اور بچیوں نے مختصر ڈرامے پیش کر کے علم، اخلاق، حیا، سچائی اور ایمانداری وغیرہ کی اہمیت کو نمایاں کیا۔ بچوں کے ان ڈراموں کو بہت پسند کیا گیا۔ اس کے بعد جی آئی او کی بچیوں نے اس مہم کا ترانہ ”رخ بدل دو زمانے کی رفتار کا – ہے تقاضہ یہ اخلاقی اقدار کا“ پیش کیا۔
اس پروگرام میں تقسیم انعامات کے لئے سلیم اللہ خان (امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند، دہلی)، مشرف علی (امیر مقامی، ذاکر نگر) اور محمد شاداب کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقسیم انعامات سے قبل امیر حلقہ نے مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ بچوں نے جس طرح سے یہاں پر ڈرامے پیش کئے ہیں ان سے بچوں پر کی گئی محنت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ بچے ہی ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں بچوں کے ذہن میں جو بات بٹھا دی جائے وہ تا حیات ان کی شخصیت کا حصہ رہتی ہے۔ اللہ نے چاہا تو ان بچوں سے ہی معاشرے کی اصلاح ہوگی۔ اس کے بعد سی آئی او کے بچوں کو سیرت کوئز، تحریری اور تقریری مقابلوں کے لئے پہلے دوسرے ، تیسرے اور ترجیحی انعامات سے نوازا گیا۔
بعد ازاں خواتین اور طالبات کے ضمرے میں سورہ نور کوئز، تحریری اور تقریری مقابلوں کے لئے اول، دوم و سوم اور تشجیعی انعامات تقسیم کیے گئے۔ کل ملا کر 55 خواتین و طالبات نے انعام حاصل کئے۔ پروگرام کی نظامت جی آئی او کی ممبر سمیہ احمد قادری نے کی۔ ابتدا میں مقامی ناظمہ محترمہ سیدہ حمیرہ نے مہم کے دوران کئے گئے کاموں پر ایک مختصر رپورٹ پیش کی۔ نائب ناظمہ محترمہ عالیہ آصف کے کلمات تشکر پر پروگرام کا اختتام ہوا۔