احمد آباد میں مسافر بردارایئر انڈیا کا طیارہ اندوہناک حادثے کا شکار ،242 مسافر سوار تھے
ملک کی تاریخ کے انتہائی اندوہناک حادثوں میں شمار ،تمام مسافروں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ،راحت بچاؤ کا کام جاری

نئی دہلی/احمد آباد، 12 جون ۔
جمعرات کو احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایئر انڈیا کا ایک مسافر بردار طیارہ انتہائی اندوہناک حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا جس میں 242 مسافر سوار تھے۔ یہ حادثہ انتہائی المناک ہے جسے ملک کی تاریخ کے المناک حادثوں میں شمار کیا جا رہا ہے ۔تمام مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔دریں اثنا جس عمارت پر حادثے کے بعد یہ طیارہ گرا وہ عمارت بی جے اسپتال کے ہاٹل کی عمارت تھی ،عمارت کو بھی زبر دست نقصان پہنچا ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت متعدد طلبا لنچ کے لئے عمارت میں موجود تھے ،جس کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس حادثے میں درجنوں طلبا کی بھی موت ہوئی ہے۔
ایئر انڈیا نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ "پرواز نمبر AI-171 بوئنگ 787-8 طیارے میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے جو احمد آباد سے دوپہر 1:38 پر روانہ ہوا تھا۔ ان میں سے 169 ہندوستانی شہری، 53 برطانوی شہری، 1 کینیڈین شہری اور 7 پرتگالی شہری تھے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیاہے۔
راحت اور بچاؤ کا کام بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔حادثے کے پیچھے وجہ کیا تھی ابھی تک واضح نہیں ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ پرواز کے محض پانچ منٹ بعد ہی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ۔
دریں اثنا احمد آباد پولیس کمشنر نے ایک بیان جاری کیاہے جس میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسی صورت حال ہے ایسے میں کسی کے بچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔
اس المناک حادثے کے بعد صدر جمہوریہ ،وزیر اعظم ،وزیر داخلہ،کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی سمیت ملک کی سر کردہ شخصیات اور سیاست دانوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
–