احمد آباد میں انتہائی المناک  طیارہ  حادثہ پر جماعت اسلامی ہند کااظہار افسوس  

امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے متاثرین اور لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی ،12جون :

احمد آباد میں ایئر انڈیا کا طیارہ اندوہناک حادثے کا شکار ہو گیا جس میں 242 افراد سوار تھے جن کے بچنے کے امکانات یکسر معدوم ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ جس عمارت پر یہ حادثہ ہوا وہ عمارت ایک ہاسٹل تھا جو حادثے کے بعد بری طرح تباہ ہو چکا ہے ۔ اس میں درجنو ں میڈیکل کے طلبا کی ہلاکت کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں ۔ مجموعی طور پر یہ حادثہ انتہائی المناک ہے جسے ملک کے انتہائی ہلاکت خیز حادثوں میں شمار کیا جا رہا ہے ۔اس ندوہناک حادثے پر سماج اور معاشرے کے تمام طبقات نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سیاسی اور عوامی نمائندوں کے علاوہ ملی اور رفاہی تنظیموں نے بھی انسانی جانوں کے اتلاف پر غم کا اظہار کیا ہے ۔

ملک کی معروف ملی تنظیم جماعت اسلامی ہند نے بھی اس اندوہناک حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم گہرے صدمے میں اور غم زدہ ہیں۔ اتنی معصوم جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا ہے۔ جس جگہ پر طیارہ گر کر تباہ ہوا وہ ناقابل تصور پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ہم ہندوستان اور بیرون ملک تمام سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور غم کی اس گھڑی میں طاقت اور صبر کی دعا کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ جائے حادثہ سے نظر آنے والے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں، اور اپنے عزیزوں کی شناخت اور خبر کے منتظر اہل خانہ کا درد الفاظ سے باہر ہے۔ ہم مقامی حکام، اور رضاکاروں کی انتھک محنت کو سراہتے ہیں جنہوں نے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ہم حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس افسوسناک واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے مکمل تحقیقات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ احتساب اور سیکیورٹی اصلاحات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑی ہے اور ان کے غم میں شریک ہے اور دلی دعائیں کرتی ہے۔