اجودھیا میں22جنوری کو دہشت گرانہ کارروائی کی تیاری کر رہے تین گرفتار

گرفتار ملزمان کے نام شنکر لال، اجیت کمار، پردیپ پونیا،تینوں شری رام کا جھنڈا لگا کر ایودھیا کی ریکی کر رہے تھے

لکھنؤ۔20جنوری :۔

ایودھیامیں 22جنوری کو رام مندر کی پران پرتشٹھا کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔دریں اثنا یوپی اے ٹی ایس نے ایودھیا سے تین مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے خالصتانی دہشت گرد تنظیموں سے روابط ہیں۔ تینوں راجستھان کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے نام شنکر لال، اجیت کمار، پردیپ پونیا ہیں۔ تینوں اپنی گاڑی میں شری رام کے جھنڈے کے ساتھ ایودھیا کی ریکی کر رہے تھے۔ گرفتار ملزم شنکر لال نے پوچھ گچھ کے دوران یہ انکشاف کیا ہے۔

آج تک کی رپورٹ کے مطابق  شنکر لال کینیڈا میں موجود خالصتانی حامی ہرمندر عرف لنڈا سے رابطے میں تھا۔ ہرمندر نے شنکر کو بتایا تھا کہ خالصتانی دہشت گرد گروپتونت نے ایودھیا کی ریکی کرنے کو کہا تھا۔ اس کے علاوہ ایودھیا کا نقشہ بھیجنے کا حکم بھی دیا گیا۔ یہ تینوں کینیڈا میں موجود ہرمندر عرف لنڈا کے کہنے پر ایودھیا پہنچے تھے۔

معلومات کے مطابق شنکر لال راجستھان کا بدنام زمانہ گینگسٹر ہے اور اس کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔ وہ کینیڈا میں بیٹھے کئی غنڈوں سے رابطے میں تھا جو خالصتانی دہشت گردوں سے وابستہ ہیں۔ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو چکمہ دینے کے لیے ملزمان اپنی اسکارپیو میں شری رام کا جھنڈا لگا کر ایودھیا کا چکر لگا رہے تھے۔

پولیس نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تینوں مشتبہ افراد خالصتانی حامی ہرمندر سنگھ عرف لنڈا کے ساتھ رابطے میں تھے۔ گروپتونت سنگھ پنوں کے قریبی ساتھی ہرمندر سنگھ لنڈا نے تینوں مشتبہ افراد سے ایودھیا میں ریکی کرنے اور آس پاس کے علاقے کا نقشہ بھیجنے کو کہا تھا۔ ریکی کے بعد تینوں کو ایودھیا میں کوئی بڑا واقعہ انجام دیناتھا۔