اجمیر درگاہ پر  وزیر اعظم نریندر  مودی  کی جانب سے چادر روانہ ،چار جنوری کو پیش کی جائے گی

مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو ہفتہ کو درگاہ پر چادر پیش کریں گے

نئی دہلی ،02 جنوری :۔

اجمیر درگاہ میں چادر پوشی کی روایت قدیم عرصے سے جاری ہے۔وزیر اعظم کے عہدے پر فائض تمام وزرائے اعظم کی جانب سے چادر اجمیر بھیجی جاتی رہی ہے۔ اسی روایت کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی چادر بھیجنے کی روایت بر قرار ہے۔مگر اس بار چادر پوشی کی خبر اس لئے اہمیت کی حامل ہے کہ حالیہ دنوں میں مندر مسجد تنازعہ کے بعد اجمیر درگاہ کو بھی مندر کا دعویٰ کرتے ہوئے کورٹ میں عرضی دائر کی گئی ہے جسے قبول بھی کر لیا گیا ہے۔جس کے بعد بعض شدت پسند سنتوں کی جانب سے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ اس تنازعہ کے پیش نظر وہ چادر بھیجنے سے گریز کریں لیکن ایسا ہوا نہیں اور وزیر اعظم نے کواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے پیش نظر آج اجمیر کیلئے چادر روانہ کی ہے جو  4 جنوری کو اقلیتی امور اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ شریف پر  پیش کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق رجیجو چار جنوری ہفتہ کو صبح 7:15 بجے جے پور ہوائی اڈے پر پر پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا ۔  اس کے بعد اجمیر کا سڑک کا سفر ہے۔ چادر چڑھانے کی تقریب صبح 11 بجے ہونے والی ہے۔

دورے کے دوران، رجیجو درگاہ شریف کے لیے نیا ویب پورٹل اور ’’غریب نواز‘‘ موبائل ایپ بھی لانچ کریں گے۔ ان اقدامات کا مقصد عقیدت مندوں کی سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔ ویب پورٹل خواجہ معین الدین چشتی کی زندگی اور تعلیمات، درگاہ میں سہولیات اور آن لائن گیسٹ ہاؤس بکنگ کے بارے میں جامع معلومات فراہم کرے گا۔ ایک اہم خصوصیت براہ راست  زیارت کی سہولت ہے، جس سے دنیا بھر کے عقیدت مند درگاہ شریف میں ہونے والی تقریبات کے براہ راست ٹیلی کاسٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ، جو عقیدت مندوں کے لیے بنائی گئی ہے، قابل رسائی اور سہولت بخش ہے۔اس موقع پر مرکزی وزیر رجیجو عرس کے مینو ل کا اجرا بھی کریں گے۔  جس میں عرس کا تاریخی پس منظر، روایات اور لاجسٹک انتظامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔