اتر پردیش : محرم کے جلوس کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے پر ایک شخص گرفتار
نئی دہلی ،10جولائی :۔
گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں حلف برداری کے دوران اے آئی ایم رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کے ذریعہ جے فلسطین کا نعرہ لگائے جانے کے بعد حکمراں جماعت فلسطین کے مسئلے پر سر گرم ہو گئی ہے۔اس وقت بی جے پی کے رہنماؤں نے اویسی کی سخت تنقید کی تھی جس کے بعد فلسطین کا تنازعہ موضوع بحث بن گیا تھا ۔فلسطین کا نعرہ بلند کرنے یا فلسطینی پرچم لہرانے پر بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں گرفتاریاں بھی عمل میں آ رہی ہیں ۔ تازہ معاملہ اتر پردیش ک بھدوہی کا ہے جہاں محرم کے جلوس میں ہندوستانی پرچم کے ساتھ فلسطینی پرچم لہرانے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتر پردیش پولیس نے گزشتہ روز منگل کو اتر پردیش کے بھدوہی ضلع میں محرم کے جلوس کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ واقعہ اتوار، 7 جولائی کو پیش آیا، جب مادھو سنگھ علاقے میں قومی شاہراہ پر ایک جلوس، جسے سرکاری پولیس کی اجازت نہیں تھی، نکالا گیا۔ جلوس کی ایک ویڈیو، جس میں ہندوستانی پرچم کے ساتھ فلسطینی پرچم دکھایا گیا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا۔
بھارتیہ نیائےسنہتھا (بی این ایس) کی دفعہ 197 (2) کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو کہ قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ الزامات سے متعلق ہے۔
اورائی پولیس اسٹیشن کے انچارج اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سچیدانند پانڈے کے مطابق، ساحل اور گورکھ کی شناخت مرکزی ملزم کے طور پر کی گئی ہے۔ ساحل کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور پولیس فی الحال گورکھ کی تلاش کر رہی ہے۔