اتر پردیش: فرصت گنج، اکبر گنج، وارث گنج سمیت 8 ریلوے اسٹیشنوں کے نام تبدیل 

نئی دہلی ،28 اگست :۔

اتر پردیش کی یوگی حکومت کے ذریعہ اسٹیشنوں اور مقامات کے نام تبدیل کرنے کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔اتر پردیش میں ایک بار پھر کئی ریلوے اسٹیشنوں کا نام بدل دیا گیا ہے۔ شمال ریلوے کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں فرصت گنج، قاسم پور ہالٹ، اکبر گنج، وارث گنج سمیت 8 ریلوے اسٹیشنوں کے نام بدلنے کی جانکاری دی گئی ہے۔ یہ سبھی ریلوے اسٹیشنز امیٹھی ضلع میں پڑتے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ امیٹھی سے سابق رکن پارلیمنٹ اسمرتی ایرانی کی کوششوں کے نتیجہ میں یہ نام بدلے گئے ہیں۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فرصت گنج، قاسم پور ہالٹ، جائس، بنی، مسرولی، نہال گڑھ، اکبر گنج اور وارث گنج اسٹیشنوں کے نام بدلے گئے ہیں۔ یہ حکم انڈین ریلوے کی طرف سے وزارت داخلہ کے ذریعہ ریاستی حکومت کی تجویز کو منظوری دیے جانے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ اب فرصت گنج ریلوے اسٹیشن کو تپیشور ناتھ دھام، قاسم پور ہالٹ کو جائس سٹی، جائس ریلوے اسٹیشن کو گرو گورکھ ناتھ دھام، بنی ریلوے اسٹیشن کو سوامی پرمہنس، مسرولی کو ماں کالکن دھام، نہال گڑھ کو مہاراجہ بجلی پاسی، وارث گنج کو امر شہید بھالے سلطان اور اکبر گنج کو ماں اہوروا بھوانی دھام نام سے جانا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ امیٹھی ضلع کے ان ریلوے اسٹیشنوں کا نام بدلنے میں سابق مرکزی وزیر اور امیٹھی سے رکن پارلیمنٹ رہیں اسمرتی ایرانی کا اہم کردار رہا ہے۔ اسمرتی ایرانی نے ہی وزیر ریل اشونی ویشنو کو خط بھیج کر گزارش کی تھی ۔