اتر پردیش : بی جے پی رہنما اور وزیر سنجے گنگوار کا حیرت انگیز دعویٰ

گؤ شالہ میں لیٹنے اور صفائی کرنے سے کیسنر کا مرض ٹھیک ہو سکتا ہے جیسے مضحکہ خیز دعوے پر لوگوں حیران

نئی دہلی ،14 اکتوبر :۔

یوں توبی جے پی اور آر ایس ایس رہنما اس طرح کے حیرت انگیز بیان دے کر سرخیوں میں رہتے ہیں مگر اس بار اتر پردیش کی یوگی حکومت میں وزیر نے ایک ایسا بیان دیا ہے جس پر سب حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور یوگی حکومت میں وزیر سنجے گنگوار نے کہا ہے کہ گوشالہ میں لیٹنے اور اس کی صفائی کرنے سے کینسر ٹھیک ہو سکتا ہے۔ وہیں گائے کی پیٹھ سہلانے سے بلڈ پریشر کم ہو سکتاہے۔ ان کا یہ عجیب و غریب بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور لوگ اس پر دلچسپ اور حیرت انگیز رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سنجے گنگوار نے مذکورہ بیان گزشتہ روز پیلی بھیت میں ایک گؤ شالہ کے افتتاحی تقریب میں دیا۔انہوں نے کہا کہ روزانہ جو بھی بلڈ پریشر کا مریض ہے وہ اگر گائے کی پیٹھ پر ہاتھ پھیرے تو جو وہ بلڈ پریشر کی گولی 20 ایم جی کی کھاتا ہوگا تو وہ دس ایم جی پر آ جائے گا۔ ایسا صرف دس دن کے اندر ہی ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گائے کے گوبر کے اپلے کو بھی سلگا دیں گے تو مچھر بھی آس پاس نہیں آتے ہیں ۔یہی نہیں یوگی حکومت کے وزیر نے دعویٰ کیا کہ اگر کوئی بھی شخص گو شالہ کی صفائی کرن لگے وہاں لیٹ جائے تو کینسر بھی ٹھیک ہو سکتا ہے۔گنگوار کے اس بیان کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس پر متعدد صارفین نے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ سائنس اور ٹکنا لوجی کے دور میں بھی یہ سیاست داں اس طرح کی باتیں کر کے عوام کو گمراہ اور بیوقوف بنا رہے ہیں ۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ایک طرف ملک چاند پر قدم رکھ رہا ہے اور نئے سائنسی تحقیقا ت میں نئی کامیابیاں حاصل کرنے کی تگ و دو میں ہے وہیں دوسری طرف ہمارے رہنما اس طرح کی افسانوی دعوے کر رہے ہیں۔