اتر پردیش: بریلی میں ملعون نرسمہانند کا پتلا نذرآتش کرنے پر مسلمانوں کیخلاف کارروائی
سڑک بلا ک کرنے کے الزام میں دو افراد گرفتار،42 کے خلاف ایف آئی آردرج ،مزید کارروائی جاری
نئی دہلی ،11 اکتوبر :۔
ایک طرف یوگی حکومت کسی بھی مذہبی شخصیات کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والوں پر سخت کارروائی کا انتباہ جاری کرتی ہے اور کسی بھی قیمت پر نا قابل برداشت قرار دیتی ہے مگر وہیں دوسری جانب پیغمبر اسلام ؐ کی شان میں توہین آمیز تبصرہ کرنے والے گستاخ رسول ملعون یتی نرسمہا نند پر کارروائی کا مطالبہ کرنے والوں پر ہی الٹاکارروائی کرتی ہے۔خیال رہے کہ یتی نرسمہا نند کے خلاف متعدد مقامات پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے مگر اب تک اس کی گرفتاری نہیں ہو سکی ہے وہیں دوسری جانب ملعون کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے والے متعدد مسلمانوں کو جیل بھیج دیا گیاہے۔
تازہ معاملہ اتر پردیش کے بریلی ضلع کا ہے جہاں گزشتہ دنوں پیر کو دیر رات مہنت یتی نرسمہا نند کے خلاف مظاہرہ کرنے اور پتلا نذر آتش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہو دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور مزید سڑک بلاک کرنے کے الزام میں 42 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ۔
رپورٹ کے مطابق بریلی کے ایس پی نے سمیر، فردوس اور 40 نامعلوم افراد کے خلاف بی این ایس سیکشن 223 (سرکاری ملازم کی طرف سے جاری کردہ حکم کی نافرمانی) اور 285 (عوامی راستے میں رکاوٹ ڈالنے) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایس پیس ٹی مانوش پاریک نے کہا۔”دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تمام ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘
یہ واقعہ پیر کی رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جب مقامی لوگوں کا ایک گروپ اینٹ پجایا کراسنگ پر جمع ہوا اور مبینہ طور پر پتلے کو آگ لگا دی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھیڑ وہاں پہنچی تو پولیس کے ساتھ مبینہ طور پر جھڑپ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے ہلکی طاقت کا استعمال کیا اور دو نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کارروائی کے ایک ہجوم نے تھانے کے باہر جمع ہو کر حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اے ایس پی دیویندر کمار اور انسپکٹر امیت پانڈے اضافی پولیس دستوں کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچے اور بھیڑ سے پرامن طور پر منتشر ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب گروپ نے تعاون کرنے سے انکار کر دیا اور بدتمیزی شروع کر دی تو پولیس نے سخت کارروائی کی اور بھیڑ کو منتشر کر دیا۔