اتر پردیش : باحجاب مسلم طالبات کو امتحان دینے سےروک دیا گیا

جونپور کے سرودیہ انٹر کالج کا معاملہ،اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان چار طالبات نے امتحان کے ضابطہ پر عمل کرنے سے انکار کر دیا تھا

نئی دہلی ،25 فروری :۔

اتر پردیش میں ان دنوں امتحان چل رہا ہے۔ اس دوران امتحان میں باحجاب مسلم طالبات کو امتحان مرکز میں داخل ہونے اور امتحان میں شرکت نہ کرنے دینے کی اطلاعات ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ اتر پردیش کے جونپور ضلع  کاہے جہاں حجاب پہننے کی وجہ سے چار مسلم طالبات کو امتحان مرکز میں مبینہ طور پر داخل ہونے سے روک دیا گیا ۔ یہ واقعہ سروودے انٹر کالج، کھدولی واقع امتحان مرکز کا بتایا جا رہا ہے، جو کہ ماڈرن کانوینٹ اسکول سمیت کئی دیگر کالجوں کے طلبا و طالبات کا بھی امتحان مرکز ہے۔

سوشل میڈیا پر طالبات کا ویڈیو وائرل ہے جس میں چاروں مسلم طالبات کا الزام ہے کہ پیر کے روز وہ ہندی کا امتحان دینے حجاب پہن کر پہنچی تھیں، جہاں چیکنگ پوائنٹ پر انھیں حجاب کی وجہ سے اندر جانے سے روک دیا گیا۔ اس کے بعد جب یہ طالبات واپس لوٹیں تو انھیں دیکھ کر باقی 6 دیگر طالبات نے بھی امتحان چھوڑ دیا۔

چار طالب علموں میں سے ایک کے والد احمد اللہ کا کہنا ہے کہ ” طالبات کو گیٹ پر روک دیا گیا اور اندر جانے کے لیے حجاب اتارنے کو کہا گیا۔

سینٹر کے منتظم اور کالج کے پرنسپل دنیش چندر گپتا نے کہا، "بورڈ کے امتحانات کے قواعد پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ چار طلباء نے ان پر عمل کرنے سے انکار کر دیا اور بغیر امتحان کے اپنے خاندان کے ساتھ گھر چلی گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ مرکز میں کل 413 طلباء نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 153 مسلم لڑکیاں تھیں۔ ان چار لڑکیوں کو چھوڑ کر باقی تمام مسلم لڑکیوں نے قواعد کی پیروی کرتے ہوئے امتحان دیا۔

کالج کے منیجر انیل کمار اپادھیائے نے کہا: "چاروں لڑکیوں نے امیدواروں کے چہرے کو ان کے ایڈمٹ کارڈ پر تصویروں کے ساتھ میچ کرنے کے لیے لازمی چیکنگ کے لیے حجاب اتارنے سے انکار کر دیا ۔ دو خواتین ٹیچرز – ریکھا یادو اور فردوس فاطمہ – کو طالبات کی جانچ کے لیے امتحانی ہال میں بطور نگراں تعینات کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کے بعد ایک بار پھر حجاب تنازعہ پر بحث تیز ہو گئی ہے جس میں یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا مذہبی شناخت کے ساتھ تعلیمی اداروں میں شرکت پر پابندی ہے۔یہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی تو نہیں ہے جہاں ہر فرد کو اپنے مذہبی شناخت کو اختیار کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔