اتر پردیش:شاجہاں پور میں سخت سیکورٹی کے باوجود لاٹ صاحب کے جلوس میں شر پسندوں کا ہنگامہ
پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ،متعدد مقامات پر جھڑپ ،پولیس نے شرپسندوں پر جم کرلاٹھیاں برسائیں

نئی دہلی ،15 مارچ :۔
ہولی اور جمعہ ایک ہی دن پڑنے پر سب سے زیادہ کشیدہ حالات اتر پردیش میں تھے جہاں مختلف سیاسی رہنماؤں کی بیان بازی نے حالات کو مزید کشیدہ کر دیا تھا۔ خاص طور پر سنبھل میں سب کی نگاہیں ٹکی ہوئی تھیں ۔سنبھل کے سی او انوج چودھری کے ذریعہ ہولی اور جمعہ کو لے کر متنازعہ بیان نے سنبھل ضلع کو لائم لائٹ میں لا دیا تھا ۔جس کے پیش نظر انتظامیہ نے زبر دست فورس اور سیکورٹی کے درمیان ہولی اور جمعہ کی نماز کو پر امن طریقے سے مکمل کرانے میں کامیاب رہی ۔ دریں اثنا احتیاط کے طور پر سنبھل میں شاہی مسجد سمیت متعدد مساجد کو ترپال سے کور کر دیا گیا تھا ۔ سنبھل کے علاوہ شاہجہاں پور میں بھی متعدد مساجد پر کور کیا گیا تھا اور ہولی و جمعہ کو لے کر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے مگر شاہجہاں پور میں کچھ شر پسندوں نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جن سے پولیس نے سختی سے نمٹا اور لاٹھی چارج کر کے حالات کو پر سکون کیا۔
یوں تویوپی کے ہر ضلع میں ہولی اور جمعہ کی نماز جو پرامن طریقے سے منعقد کی گئی مگر شاہجہاں پور میں کچھ غنڈوں کی وجہ سے ہنگامہ آرائی میں بدل گئی۔ یہاں تین مقامات پر جلوس کے دوران غنڈوں نے ہنگامہ کیا۔ پولیس نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے پتھراؤ شروع کردیا۔ اس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کرکے غنڈوں کا پیچھا بھی کیا اور انہیں کھدیڑ کر مارا پیٹا۔ یہ ہنگامہ تھانہ صدر بازار کے علاقے کھرنی باغ میں ہوا۔ اس کے علاوہ بڑے لاٹ صاحب کے جلوس کے دوران گھنٹگھر میں آر اے ایف کے دستے نے غنڈوں پر لاٹھی چارج کیا۔
اس بار شاہجہاں پور میں جمعہ کی وجہ سے ہر سال نکلنے والے لاٹ صاحب کے جلوس کے حوالے سے خصوصی احتیاط برتی جا رہی تھی۔ راستے میں پڑی مساجد کو پہلے ہی ترپال سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔ مسلم کمیونٹی نے نماز کا وقت بھی بڑھا دیا تھا۔ ان تمام احتیاط کے درمیان جمعہ کو ہولی کے موقع پر جب بڑے لاٹ صاحب کا جلوس نکلا تو زبردست ہنگامہ ہوا۔ یہاں جب لاٹ صاحب کے جلوس کے دوران ہنگامہ ہوا تو پولس نے ہولی کھیلنے والے لوگوں پر لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران مشتعل لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔لاٹھی چارج کا واقعہ صدر بازار تھانے کے کھرنی باغ چوراہے کے قریب لاٹ صاحب کے جلوس کے دوران پیش آیا۔ جہاں جلوس میں شامل لوگوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ جس کے بعد پولیس نے جلوس میں شریک لوگوں پر لاٹھی چارج کیا۔ پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لیے کافی کوششیں کرنا پڑیں۔اس کے علاوہ چوک کوتوالی علاقہ کے کچا کٹرہ موڈ پر فریقین کے درمیان شدید لڑائی ہوئی۔ اس دوران فریقین نے ایک دوسرے کو خوب مارا پیٹا۔ خاص بات یہ تھی کہ موقع پر موجود پولیس اہلکار خاموش تماشائی بن کر واقعہ دیکھتے رہے۔