اتر پردیش:روزہ دار مسلم نوجوان نے کینسر متاثرہ ہندو بہن کو خون عطیہ کر کے عظیم مثال پیش کی
مذہب کے نام پر نفرت کے ماحول میں نعیم خان کے اس عمل کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے ،مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی عظیم مثال قرار دیا جا رہا ہے

نئی دہلی ،14 مارچ :۔
جہاں ملک میں اس وقت ہولی اور جمعہ و رمضان کی مناسبت سے ہندو مسلم کی نفرت پھیلا کر شدت پسند لوگوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہے ہیں وہیں سماج میں ایسے بھی لوگ ہیں جو مذہبی ہم آہنگی ،بھائی چارے اور انسانیت کی عظیم مثال پیش کر رہے ہیں ۔
واقعہ اتر پردیش کے سنت کبیر نگر ضلع کے دھن گھٹا تھانہ علاقہ کے ہیسر بلا ک کا ہے۔ جہاں منڈیرا رائے کے رہنے والے محمد نعیم نے رمضان کے دوران حالت روزہ میں ایک ہندو بہن کی جان بچانے کیلئے خون عطیہ کیا ۔محمد نعیم نے خون عطیہ کر کے انسانیت کی ایک عظیم مثال قائم کی ہے جس کی علاقے میں خوب ذکر ہو رہا ہے اور لوگ محمد نعیم کے اس قدم کی تعریف کر رہے ہیں ۔
ر پورٹ کے مطابق نٹوا بر کی رہنے والی راگنی چوہان دختر راجو چوہان بلڈ کینسر سے متاثر ہے اور فوری طور پر اسے خون کی ضرورت تھی راگنی بنارس کے ایک اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی تھی ایسے مشکل وقت میں نعیم نے بغیر کسی تعصب اور مذہبی تفریق کے آگے بڑھ کر انسانیت کی خدمت کی ۔نعیم کے علاقہ ضلع پنچایت ممبر پربھو ناتھ یادو نے بھی خون عطیہ کیا اور نعیم خا ن کی تعریف کی اس کے علاوہ مقامی ممبر اسمبلی گنیش چوہان نے بھی راگنی کی مدد کی اور علاج کے لئے پیسوں سے مدد کی ۔
اس موقع پر محمد نعیم نے کہا کہ میں نے جو کیا وہ صرف انسانیت کے ناطے کیا ہے ۔میرے لئے یہ کوئی بڑا کام نہیں ہے بلکہ یہ ہر انسان کا فرض ہونا چاہئے کہ جب بھی کسی کی مدد کرنے کا موقع ملے تو وہ پیچھے نہ ہٹے۔ خون عطیہ سے بڑا کوئی عطیہ نہیں ہوتا کیونکہ یہ کسی کی زندگی بچا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہب اور ذات سے اوپر اٹھ کر ہمیں ہر کسی ضرورت مند کی مدد کرنی چہائے کیونکہ انسانیت سے بڑا کوئی دھرم نہیں ہوتا۔انہوں نے یہ پیغام بھی دیا کہ اگر ہم تمام اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں تو سماج میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
ضلع پنچایت رکن پربھو ناتھ یادو نے کہا کہ نعیم بھائی نے جو کیا وہ آج کے وقت میں بہت بڑی مثال ہے یہ دکھاتا ہے کہ انسانیت سب سے اوپر ہے اور مذہب یا ذات سے بڑھ کر ایک دوسرے کی مدد کرنا سب سے بڑا فرض ہے۔مقامی ممبر اسمبلی دھرم دیو یادو نے بھی تعریف کی اور کہا کہ آج جہاں لوگ مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سیاست کرتے ہیں وہیں نعیم بھائی جیسے لوگ سماج میں بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا کام کر رہے ہیں ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے علاقے میں ایسے انسانیت پسند لوگ موجود ہیں۔