اترپردیش حکومت ہاتھرس کے مجرموں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے: سنجے سنگھ

 

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے ہاتھرس میں اجتماعی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں سی بی آئی تحقیقات میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ شواہد کو نظر انداز کیوں کیا جارہا ہے۔

جناب سنجے سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "یوگی حکومت ہاتھرس اجتماعی آبرو ریزی کے معاملے میں مجرموں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ موت سے پہلے دیا گیا بیان بہت مضبوط مانا جاتا ہے، اور متاثرہ نے اپنے بیان میں مجرموں کے نام بتائے ہیں۔”

حکومت پر ثبوتوں اور شواہد کو تلف کرنے الزام لگاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ "متاثرہ کے جسم کے ساتھ ساتھ ضروری شواہد کو بھی نذر آتش کردیا گیا تھا۔”

انھوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کی آخری رسوم ادا نہیں کی گئیں بلکہ اس کے جسم پر پیٹرول چھڑک کر عجلت میں آگ لگادی گئی۔

انھوں نے سی بی آئی تحقیقات میں مبینہ تاخیر پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ سات دن ہوچکے ہیں لیکن اس کارروائی کے لیے اب تک نوٹیفیکیشن جاری نہیں کی گئی ہے۔

سنجے سنگھ نے مزید کہا کہ "یوگی حکومت خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے نام پر مجرموں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ اس سرکار کو غریب خاندان کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں ہے۔ بی جے پی اور یوگی حکومت کی ذہنیت دلت مخالف ہے۔”