اترپردیش: بجٹ اجلاس سے پہلے اسمبلی میں ایس پی کا مظاہرہ، کمبھ سمیت متعدد مسائل پر حکومت کے خلاف نعرے بازی

نئی دہلی،18 فروری :۔
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ارکان نے اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن اسمبلی احاطے میں چودھری چرن سنگھ کے مجسمے کے پاس احتجاج کیا۔ ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ پکڑے ایس پی ممبران ’’لاٹھی گولی کی حکومت، نہیں چلے گی، نہیں چلے گی‘‘ اور ’’اینٹی ریزرویشن، دلت مخالف، آئین مخالف حکومت نہیں چلے گی، نہیں چلے گی‘‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
ایس پی کے سینئر ممبران سدھاکر سنگھ اور ایچ این سنگھ پٹیل نے کہا کہ پارٹی ممبران اسمبلی نے سنبھل اور کمبھ سمیت مختلف مسائل پر حکومت کی ناکامیوں پر احتجاج کیا ہے۔ ایم ایل اے نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ ’’جو حکومت بجلی اور پانی نہیں دے سکتی وہ بیکار ہے‘‘۔ جو حکومت بیکار ہے اسے بدلنا ہوگا۔
سماج وادی پارٹی کے سینئر رکن امیتابھ ترویدی نے الزام لگایا کہ مرنے والوں اور کمبھ میں نہانے والے عقیدت مندوں کے فرضی اعداد و شمار پیش کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایوان میں کمبھ مسئلہ پر بحث کرائی جائے۔ ایس پی کے چیف ترجمان راجیندر چودھری نے بی جے پی حکومت کو عوام دشمن اور کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔
اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ اس سال کا پہلا سیشن ہے۔ ایوان کی کارروائی آج گورنر آنندی بین پٹیل کے خطاب کے ساتھ شروع ہوگی۔ وہ مشترکہ طور پر دونوں ایوانوں کے ارکان سے خطاب کریں گے۔ گورنر کے خطاب کے بعد رسمی قانون سازی ہوگی۔
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ مہاکمبھ کے انتظامات کرنے کے بجائے بی جے پی حکومت نے صرف اپنی تشہیر کی۔ ایونٹ مینجمنٹ کمپنیاں مصروف تھیں اور بڑے چہروں کو مدعو کیا گیا تھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ عام عقیدت مندوں کی بڑی تعداد سنگم پہنچ گئی۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت نے 100 کروڑ عقیدت مندوں کے اسنان کے انتظامات کرنے کا دعویٰ کیا لیکن کمبھ کے لیے مناسب تیاری نہیں کی۔ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ کمبھ پہلی بار منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ دستاویزی تاریخ بتاتی ہے کہ کمبھ کا انعقاد شہنشاہ ہرش وردھن کے زمانے سے ہو رہا ہے۔ اگرچہ کمبھ پورانیک ہے، لیکن اس کا اہتمام صدیوں سے کیا جا رہا ہے۔ لیکن بی جے پی کہہ رہی ہے کہ کمبھ پہلی بار منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے کمبھ نہیں ہوا تھا۔