اترا کھنڈ کے بعد اب گجرات میں بھی یکساں سول کوڈ، پانچ رکنی کمیٹی تشکیل
۔ کمیٹی 45 دنوں میں ریاستی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی،وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی کابینہ نے منظوری دی
نئی دہلی ،04 فروری :۔
اترا کھنڈ میں یکسان سول کوڈ کے نفاذ کے بعد اب بی جے پی کی حکمرانی والی دوسری ریاست گجرات نے بھی یو سی سی کی جانب قدم بڑھا دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گجرات حکومت نے ریاست میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی سپریم کورٹ کی سابق جج رنجنا دیسائی کریں گی۔ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی۔
بھوپندر پٹیل نے منگل کے روز یو سی سی کا مسودہ تیار کرنے اور قانون بنانے کے لیے پانچ رکنی پینل تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’سپریم کورٹ کی ریٹائرڈ جج رنجنا دیسائی کی صدارت میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی 45 دنوں میں ریاستی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کی بنیاد پر حکومت آگے کا فیصلہ کرے گی۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ 27 جنوری کو اتراکھنڈ میں یو سی سی نافذ کیا گیا تھا۔ اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے یو سی سی پورٹل اور ضوابط کا آغاز کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اترکھنڈ میں یو سی سی نافذ کر کے ہم آئین ساز بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اترکھنڈ میں یو سی سی ریاست اور وہاں سے باہر رہنے والے ریاستوں کے باشندوں پر لاگو ہوگا، تاہم، قبائلی علاقوں کو اس سے استثنا حاصل ہے۔