اتراکھنڈ: یونیفارم سول کوڈ کو صدر جمہوریہ کی منظوری
نئی دہلی ،14 مارچ :۔
اتراکھنڈ کابینہ کی جانب سے اسمبلی میں گزشتہ دنوں پاس کئے گئے یونیفارم سول کوڈ بل کو صدر جمہوریہ مرمو نے ہری جھنڈی دکھا دی ہے ۔ جس کے ساتھ ہی اب اس نے قانون کی شکل لے لی ہے۔ قانون بننے کے ساتھ ہی یہ ریاست میں نافذ ضرور ہو گیا ہے، لیکن ابھی یہ فعال نہیں ہوگا۔
اتراکھنڈ حکومت نے یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کے لیے اصول/ذیلی اصولوں کو بنانے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اصول و ضوابط تیار کرنے کے بعد اتراکھنڈ حکومت کے ذریعہ اسے پوری ریاست میں نافذ کر دیا جائے گا۔
لوک سبھا انتخابات سے قبل مرکزی حکومت کے ذریعہ سی اے اے کے نفاذ کا اعلان اور پھر اترا کھنڈ میں یو نیفارم سول کوڈ کو باقاعدہ قانونی شکل کے طور پر منظوری ملنا بی جے پی کی جانب سے ایک انتخابی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے عام انتخاب سے عین قبل سی اے اے نافذ کیے جانے پر سوال کھڑا کیا ہے، اور اب اتراکھنڈ میں یو سی سی سے متعلق صدر جمہوریہ کی ملی منظوری کے بعد بی جے پی پر پولرائزیشن کی کوشش کا الزام لگنا لازمی ہے۔
یونیفارم سول کوڈ کا قانون نافذ کرنے کے لیے اصول بنانے والی پانچ رکنی کمیٹی میں سابق آئی اے ایس شتروگھن سنہا، سماجی کارکن منو گور، دون یونیورسٹی کی وائس چانسلر سریکھا ڈنگوا، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس امت سنہا اور اتراکھنڈ کے ریجنل کمشنر اجئے مشرا شامل ہیں۔ یہ کمیٹی جلد ہی ایک میٹنگ کر یو سی سی قانون نافذ کرنے کے لیے ضروری اصول و ضوابط بنانے کا کام شروع کرے گی۔