اتراکھنڈ: یونیفارم سول کوڈ کمیٹی نے  وزیر اعلیٰ دھامی کوسونپی رپورٹ ،اسمبلی میں پیش کرنے کی تیاری

دہرادون،03فروری :۔

اتراکھنڈکی دھامی حکومت یونیفارم سول کوڈ کو لے کر سر گرم ہے۔وزیر اعلیٰ دھامی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یو سی سی نافذ کرنے والی ریاست ملک میں پہلی ریاست اترا کھنڈ ہو گی۔ جمعہ کو یونیفارم سول کوڈ کے لیے سبکدوش جج رنجن پرکاش دیسائی کی صدارت میں بنی کمیٹی نے  اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو سونپ دی ہے۔ رپورٹ وصول کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسمبلی انتخاب 2022 سے قبل ہم نے اترا کھنڈ کی عوام سے بی جے پی کے عہد کے طور پر یونیفارم سول کوڈ لانے کا وعدہ کیا تھا، اسی وعدے کو پورا کرتے ہوئے ہم نے یو سی سی کے نفاذ کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق حکومت کے قیام کے فوراً بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں ہم نے یکساں سول کوڈ کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے تحت 27 مئی 2022 کو سپریم کورٹ کے سبکدوش جج رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کمیٹی نے دو ذیلی کمیٹیاں تشکیل دیں جن میں سے ایک کا کام ضابطے کا مسودہ تیار کرنا تھا اور دوسری کا کام ریاست کے باشندوں سے تجاویز طلب کرنا اور بات چیت کرنا تھا۔ کمیٹی نے کل 43 عوامی مکالمے کے پروگرام منعقد کیے گئے اور اتراکھنڈ کے مہاجرین کے ساتھ 14 جون 2023 بات چیت کی۔