اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے آئینی جواز کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک اور عرضی
اترا کھنڈ مہیلا منچ نے یکساں سول کوڈ کے آئینی جواز کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، عوام دشمن، غیر آئینی اور پرائیویسی کی خلاف ورزی قرار دیا

نئی دہلی ،نینی تال، 26 فروری :۔
اترا کھنڈ میں بی جے پی کی حکومت نے حالیہ دنوں میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔یکساں سول کوڈ کے خلاف جہاں مسلم تنظیموں نے آواز بلند کی ہے اور اسے مذہبی معاملات میں دخل ااور آزادی کے خلاف قرار دیا ہے اور اس کے خلاف اترا کھنڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے وہیں اب دیگر ادار ے بھی یکساں سول کوڈ کے خلاف کھڑے ہو گئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے بعد اب اترا کھنڈ ہائی کورٹ میں، ڈاکٹر اوما بھٹ اور اتراکھنڈ مہیلا منچ کے دیگر نے یو سی سی ایکٹ اور اس کے قوانین کی آئینی جواز کو چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی وکیل وریندا گروور اس مقدمے میں بحث کریں گی۔
درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ یو سی سی ایکٹ عوام دشمن، غیر آئینی اور پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ قانون خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کو فروغ دے گا اور معاشرے میں تشدد اور عدم مساوات کو فروغ دے گا۔ درخواست میں کہا گیا کہ یہ ایکٹ آئین کے آرٹیکل 14، 15، 19 اور 21 کی خلاف ورزی کرتا ہے، درخواست گزاروں نے دعویٰ کیا کہ یہ قانون نوجوانوں کے اپنے ہمسفر کے انتخاب کے حق پر حملہ کرتا ہے اور یہ بین ذات اور بین مذہبی جوڑوں کو تشدد اور ہراساں کرنے کا نشانہ بنا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس اور رجسٹرار کو لامحدود تفتیشی اختیارات دے کر عوام کو ہراساں کرنے کی راہ ہموار کی گئی ہے، درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یو سی سی کے تحت شادی، طلاق، لیو ان ریلیشن شپ اور وصیت کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جس میں موبائل نمبر کا اندراج ضروری ہوگا۔
درخواست گزاروں نے اسے پٹاسوامی کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی رازداری کے تحفظ کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ، درخواست میں اس شق پر بھی اعتراض کیا گیا ہے کہ یو سی سی کے تحت رجسٹر نہ ہونے پر کسی شخص کو عوامی فلاحی اسکیموں کے فوائد سے محروم رکھا جا سکتا ہے، جو کہ آئین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔