اتراکھنڈ میں یونیفارم سول کوڈ کی نفاذ کی تیاریاں ، کمیٹی نے وزیر اعلیٰ کو مسودہ پیش کیا
وزیر اعلیٰ پشکر دھامی کا دعویٰ،۔ یہ قانون سب کے لیے برابری کے لیے ہے، کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں
نئی دہلی ،18 اکتوبر :۔
اترا کھنڈ میں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کی تیاریاں زوروں پر ہیں ۔وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی ریاست میں جلد از جلد یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے کیلئے پر عزم نظر آ رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں آج 18 اکتوبر کو ماہرین کی کمیٹی نے یو سی سی اصول و ضوابط کا ڈرافٹ وزیر اعلیٰ کے حوالے کر دیا ہے۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ سبھی کو یکساں انصاف اور یکساں مواقع ملے، اس کے لیے یو سی سی نافذ کرنا ضروری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ دھامی نے کچھ دنوں قبل اعلان کیا تھا کہ حکومت 9 نومبر کو اتراکھنڈ کے یوم تاسیس پر یو سی سی نافذ کرنا چاہتی ہے۔ اب جبکہ ماہرین کی کمیٹی نے فائنل ڈرافٹ وزیر اعلیٰ کو سونپ دیا ہے، تو امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یو سی سی نفاذ کو لے کر سرگرمیاں جلد ہی تیز ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ ریاست میں یو سی سی سے متعلق جو اصول و ضوابط تیار کیے گئے ہیں، اس میں خاص طور سے 4 حصے ہیں۔ اس میں شادی و طلاق، لیو اِن رلیشن شپ، پیدائش و موت کا رجسٹریشن اور جانشینی سے متعلق اصول شامل ہیں۔ عوام کی سہولت کو دیکھتے ہوئے یو سی سی کے لیے ایک پورٹل اور موبائل ایپ بھی تیار کی گئی ہے۔ اس میں رجسٹریشن اور اپیل وغیرہ کی سبھی سہولیات دی جائیں گی تاکہ عوام کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ دھامی نے کہا کہ حکومت اب قواعد کا مطالعہ کرے گی۔ یہ قانون سب کے لیے برابری کے لیے ہے، کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ حکومت سب کی تجاویز طلب کر رہی ہے اور ترامیم کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ یو سی سی قانون کو نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ قانون سب کے لیے برابری کے لیے ہے۔ یہ قانون کسی کو ہراساں کرنے کے لیے نہیں لایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) رولز میکنگ اینڈ امپلیمنٹیشن کمیٹی کے چیئرمین شتروگھن سنگھ اور دیگر بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے 2022 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں یو سی سی کو نافذ کرنے کی بات کی تھی۔ 2022 کے انتخابات جیتنے اور دوبارہ وزیر اعلی بننے کے بعد، وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک ماہر کمیٹی تشکیل دی تھی۔