اتراکھنڈ حکومت یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی تیاری میں ،وزیر اعلیٰ کا اعلان
پشکر دھامی حکومت 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے،تاکہ لوک سبھا میں فائدہ حاصل کیا جا سکے
نئی دہلی،یکم جنوری:۔
2024 کے آغاز کے ساتھ ہی بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں 2024 عام اتنخابات کی تیاری زوروں پر ہے۔اس سلسلے میں بی جے پی حکمراں جماعتیں ایسے متنازعہ اور خاص طور پر مسلمانوں کو لے کر متنازعہ قوانین نافذ کرنے کا اعلان کر رہی ہیں تاکہ ہندو اکثریت کو سادھا جا سکے۔
اس سلسلے میں اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سرخیوں میں ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں مبینہ طور پر ’لینڈ جہاد‘ سے ہزاروں ایکڑ زمینیں آزاد کرانے کا بیان دیا تھا ۔اب انہوں نے ایک بار پھر ریاست میں یکساں سول کوڈ جلد ہی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ورنداون میں منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ ریاست میں جلد ہی یکساں سول کوڈ لاگو کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات سادھوی رتمبھرا کے یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں کہی۔
انہوں نے کہا، "یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے لیے بہت جلد اسمبلی میں ایک بل پیش کیا جائے گا۔ یکساں سول کوڈ تمام مذاہب کے لوگوں کے لیے پرسنل قوانین کا ایک مشترکہ ضابطہ ہے۔
انہوں نے کہا، “نئے قانون کے تحت طلاق صرف قانونی عمل کے ذریعے ہی ہوگی۔ ملک میں طلاق کے تمام مذہبی طریقے غیر قانونی ہوں گے۔ تین طلاق، جو اسلام یا کسی دوسرے مذہب میں رائج ہے، پہلے ہی سپریم کورٹ اور پھر پارلیمنٹ کے ذریعہ بھی ناجائز اور قابل سزا جرم بن چکا ہے۔
پشکر سنگھ دھامی نے کہا، “ماہر کمیٹی نئے سال میں یکساں سول کوڈ کا مسودہ حکومت کو پیش کرے گی۔ مسودہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد حکومت ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون کو نافذ کرنے کے لیے آگے بڑھے گی۔
واضح رہے کہ اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست ہوگی جہاں یکساں سول کوڈ قانون کو نافذ کرنے کی کوششیں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ اتراکھنڈ میں بی جے پی کی پشکر سنگھ دھامی کی حکومت کے قیام کے بعد، پہلی کابینہ کی میٹنگ میں، ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اتراکھنڈ حکومت 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل ریاست میں یکساں سول کوڈ قانون کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے ووٹوں کے پولرائزیشن کی صورت میں بی جے پی کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔یہ بھی بحث ہے کہ ماہر کمیٹی 26 جنوری 2024 سے پہلے مسودہ رپورٹ ریاستی حکومت کو پیش کر سکتی ہے۔ جس کے بعد ریاستی حکومت یکساں سول کوڈ کا قانون بنانے کے لیے اسمبلی کا اجلاس بلا سکتی ہے۔