اتراکھنڈ :اُترکاشی میں بادل پھٹنے سے تباہی، چند سیکنڈوں میں رہائشی مکانات اور ہوٹل زمین بوس
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 4 افراد جاں بحق ،فوج کے بھی 8-10 جوانوں کے لاپتہ ،راحت اور بچاؤ کا کام جنگی پیمانے پر جاری

نئی دہلی ،05 اگست :۔
اتراکھنڈ کے اُترکاشی میں بادل پھٹنے کا دردناک واقعہ پیش آیا ہے، جس نے ہر طرف تباہی کا منظر پیدا کر دیا ہے۔ اس حادثہ میں کم از کم 12 لوگوں کے ملبہ میں دبنے کی اطلاع سامنے آ رہی ہے، جبکہ 60 لوگوں کے لاپتہ ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس واقعہ میں اب تک کم از کم 4 افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔فوج کے بھی 8-10 جوانوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بادل پھٹنے کی خوفناک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح چند سیکنڈ میں سب کچھ تباہ ہو گیا۔ ویڈیو میں کچھ لوگ چیختے ہوئے بھی سنائی دے رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر تباہی کا خوفناک ویڈیو وائرل ہے ۔
بتایا جا رہا ہے کہ بادل پھٹنے سے کھیرگاڑ میں آبی سطح بڑھ گئی اور قصبہ دھرالی کھیرگاڑ میں ملبہ بھی تیزی سے بہتا چلا گیا ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سیلاب کا پانی کئی ہوٹلوں میں گھس گیا ہے۔ سیلاب کے پانی کے ساتھ ملبہ بھی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آبی سطح بڑھنے سے دھرالی مارکیٹ میں بھی شدید نقصان ہوا ہے۔
اس حادثہ کی خبر ملتے ہی راحت و بچاؤکاری کے لیے ریسکیو ٹیمیں روانہ ہو گئی ہیں۔ بھٹواڑی سے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بھی دھرالی کی طرف روانہ ہوئی ہے۔ اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے بتایا کہ ہرسل کے پاس دھرالی میں بادل پھٹنے کا بڑا حادثہ ہوا ہے۔ انھوں نے ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ ہونے کی جانکاری بھی دی۔
رپورٹ کے مطابق دھرالی مارکیٹ میں کئی ہوٹل، دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے مٹی تلے دب گئے ہیں۔ دھرالی گاؤں کے کئی گھر بھی اس آفت سے تباہ ہو گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے راحت اور بچاؤ کاموں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مرکز سے دو 2 ایم آئی اور ایک چنوک ہیلی کاپٹر کا مطالبہ کیا ہے۔ راحت اور بچاؤ کاموں میں فضائیہ سے بھی مدد مانگی گئی ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس واقعہ پر غم و اندوہ کا اظہار کیا ہے ۔