اتراکھنڈ: ’اس سے ہمارا کوئی بھلا نہیں ہوگا‘
ریٹ مائنرس نے وزیر اعلیٰ دھامی کو لوٹائی انعامی رقم،کہاہم آج بھی گڈھے کھود رہے ہیں اور کل بھی گڈھے کھودیں گے
نئی دہلی،23دسمبر :۔
اتراکھنڈ کے سلکیارا ٹنل میں پھنسے 41 مزدوروں کی خبر ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں موضوع بحث رہی۔17 دن ٹنل میں پھنسے رہنے کے بعد جب ریسکیو ٹیم مایوس ہو گئی ،اس کی جدید تکنیک بھی فیل ہونے لگے تو 12 ریٹ مائنرس نے اپنی بہادری اور جدو جہد سے انہیں نئی زندگی بخشی ،جس پر دنیا بھر میں ان ریٹ مائنرس کی خوب تعریف ہوئی اور حکومت نے بھی انہیں خاطر خواہ اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا مگر اب وہ 12 ریٹ مائنرس مایوس ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جمعرات کو 50-50 ہزار روپے کی حوصلہ افزائی رقم دی۔انھوں نے وہ اعزازی رقم لوٹانے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس رقم سے ان کا کچھ بھلا نہیں ہونے والا، وہ یہ رقم ٹنل میں پھنسے مزدوروں کو دینا چاہیں گے۔
ریٹ مائنرس نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ کا احترام کرتے ہیں۔ لیکن جو یہ اعزز وزیر اعلیٰ کی طرف سے ہمیں دیا گیا ہے وہ منصفانہ نہیں ہے۔ ریٹ مائنرس ٹیم کے رکن وکی حسن نے کہا کہ اس وقت وہ یہ بات کہنا نہیں چاہتے ہیں۔ ان کے دل میں بار بار یہ بات چبھ رہی ہے کہ وزیر اعلیٰ دھامی نے جو ان کو اعزاز بخشا ہے، وہ ان کے مطابق منصفانہ نہیں ہے۔ ریٹ مائنر نے کہا کہ ان 50 ہزار روپے سے ہمارا کچھ بھلا نہیں ہونے والا ہے۔ ہم نے اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر ٹنل کے اندر پھنسے مزدوروں کو باہر نکالا ہے۔ حکومت نے ہمیں 50-50 ہزار روپے تھما دیے۔
ریٹ مائنرس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سب تو آج بھی گڈھے کھود رہے ہیں، کل بھی گڈھے کھودنے کا ہی کام کریں گے۔ اس لیے اس حوصلہ افزائی رقم کو ہم ان مزدوروں کو دینا چاہیں گے جو ٹنل کے اندر پھنسے ہوئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس اعزازی رقم کو نہیں رکھنا چاہیں گے۔ یہ ہمارے لیے مناسب نہیں ہے۔