اتراکھنڈ:ڈھائی سال میں   چار ہزار خواتین اور 11 سو سے زیادہ لڑکیاں لاپتہ  

بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دینے والی بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست میں خواتین غیر محفوظ،حق اطلاعات کے تحت مانگی گئی معلومات میں انکشاف

دہرادون،نئی دہلی، 16 ستمبر ؛

یوں تو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت  میں سب سے زیادہ بیٹی پڑھاؤ اور بیٹی بچاؤ کا نعرہ گونج رہا ہے اور بی جے پی رہنمااس نعرے کا دم بھرتے تھکتے نہیں ہیں لیکن حقیقی معنوں میں زمینی سطح پر اس نعرے کا کوئی اثر نظر نہیں آتا ۔خواہ وہ اتر پردیش میں ہاتھرس کی بیٹی کے ساتھ ہوا ظلم ہو یا پھر بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ ہو ہر جگہ بی جے پی اس خوبصورت نعرے کو عملی جامہ پہنانے میں نا کام نظر آتی ہے ۔ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست  اترا کھنڈ سے خواتین اور بیٹیوں کے تحفظ کے سلسلے میں آنے والی خبر دردناک ہے ۔رپورٹ کے مطابق  اترا کھنڈ میں بی جے پی کی حکومت خواتین کے تحفظ کے خواہ جتنے بھی دعوے  کرے ، حقیقت اس سے بہت  مختلف ہے۔ اس کا ثبوت آر ٹی آئی کارکن   ندیم الدین کو موصول ہونے والی وہ معلومات ہیں جس میں 2021 سے مئی 2023 تک اغوا یا لاپتہ ہونے والی لڑکیوں اور خواتین کے بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔ جنوری 2021 سے مئی 2023 تک صرف 29 مہینوں میں ریاست میں 3854 خواتین اور 1134 لڑکیاں لاپتہ ہوئی ہیں۔ اس عرصے کے دوران 2961 لاپتہ خواتین اور 1042 لڑکیاں بازیاب ہوئی ہیں۔

پولیس ہیڈ کوارٹر سے ندیم الدین کی طرف سے حق معلومات کے   قانون کے تحت حاصل کی گئی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2021 سے مئی 2023 تک اتراکھنڈ اور ریلوے کے 13 اضلاع (جی آر پی کے تحت) میں کل 3854 خواتین کو لاپتہ بتایا گیا ہے۔ ان میں 2021 میں 1494، 2022 میں 1632 اور 2023 میں مئی تک 728    خواتین شامل ہیں۔ اسی عرصے کے دوران کل 1132 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں جن میں 2021 میں 404، 2022 میں 425 اور 2023 میں مئی تک 305 لڑکیاں شامل تھیں۔ تاہم لاپتہ خواتین کی بازیابی کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2021 سے مئی 2023 تک مجموعی طور پر 2961 خواتین بازیاب ہوئی ہیں۔ اس میں 2021 میں 1271، 2022 میں 1281 اور 2023 میں مئی تک 409 خواتین شامل ہیں۔ اسی عرصے کے دوران کل 1042 لاپتہ لڑکیاں بھی بازیاب ہوئیں، جن میں 2021 میں 393، 2022 میں 403 اور 2023 میں مئی تک 246 لڑکیاں شامل ہیں۔