اتراکھنڈ:’ریاست میں اِسی سال نافذ ہوگا یونیفارم سول کوڈ‘

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ جتنی جلد ہو سکے یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنا ہمارا عزم ہے

نئی دہلی ،یکم ستمبر :۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ایک بار پھر یونیفارم سول کوڈ کی بحث تیز کردی ۔یونیفارم سول کوڈ کے تازہ بیان سے ریاست کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دیا ہے ۔

دراصل یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) سے متعلق وزیر اعلیٰ دھامی نے کہا ہے کہ جتنی جلد ہو سکے یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کا ہمارا عزم ہے۔ دھامی کا کہنا ہے کہ ’’جب ہمیں یو سی سی ڈرافٹ مل جائے گا تو ہم اس عمل کو اس سال آگے بڑھائیں گے۔ ہم یونیفارم سول بل کو ریاست میں جلد از جلد نافذ کریں گے۔‘‘

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی  اترا کھنڈ کے کھٹیما میں ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ یو سی سی کے بارے میں ہمارا عزم ہے کہ ہم اسے جلد لائیں گے۔ یہ ہمارے انتخابی منشور میں بھی شامل تھا۔ ہمیں جس کام کے لیے عوام نے منتخب کیا ہے، ہم اس وعدے کو پورا کریں گے اور ہم جلد ہی ریاست میں یکساں سول بل لائیں گے۔

واضح رہے کہ دھامی حکومت نے یو سی سی تیار کرنے کے لیے مارچ 2022 میں کمیٹی بنائی تھی۔ اس کمیٹی نے عام لوگوں سے ان کی رائے اور مشورے طلب کیے تھے۔

واضح رہے کہ اس  وقت اتراکھنڈ سخت قدرتی آفات سے دو چار ہے ۔  بارش اور لینڈ سلائڈنگ کے سبب پیدا سنگین حالات سے نمٹنے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ اس سال ہوئی بارش سے ریاست کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ اب تک کے اندازے کے مطابق قدرتی آفت سے 1335 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔  ایسے حالات میں وزیر اعلیٰ کا یونیفارم سول کوڈ کا راگ چھیڑنا ریاست کی سیاست کو ہضم نہیں ہو رہا ہے ۔