اتحادکی طاقت کو اعلیٰ مقاصد کے لیےاستعمال کریں
الیکشن کے ضمن میں مشاورتی اجلاس سے جناب رضوان الرحمن کا خطاب
ممبئی-(پریس نوٹ) ’اتحادی قوت کو سلیقے سے عظیم مقاصد کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘ یہ بات امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹر رضوان الرحمن خان نے ریاستی اسمبلی کے انتخاب میں مسلمانوں کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے تعلق سے منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس میں کہی۔ ۔ جماعتِ اسلامی ممبئی میٹرو کے صدر عبد الحسیب بھاٹکر نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج اس اہم اجلاس میں آپ کی شرکت آپ کی حالات کے تئیں فکر مندی اور ملت اسلامیہ کی ہمدردی کی غماز ہے ۔ انہوں نے ملک کے سیاسی حالات پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے سیاسی حالات بہت زیادہ خراب ہیں ۔ فرقہ پرست طاقتیں حاوی ہیں اور مسلمان سیاسی بے وزنی کا شکار ہیں اور تقریباً حاشیے پر دھکیل دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے مایوسی پھیل رہی ہے۔ دوسری تقریر بطورِ تجزیہ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کے کل مہاراشٹر صدر محمد سراج کی تھی انہوں نے ممبئی کے ایسے اسمبلی حلقے جہاں مسلمان اچھی خاصی تعداد میں رہتے ہیں ، کی نشاندہی کی ۔انہوں نے کہا کہ 2009 اور 2014 کے مقابلے 2019 کے الیکشن بہت مختلف ہیں ممبئی کی سات سیٹیں ایسی ہیں جہاں مسلمان امیدوار جیتنے کی پوزیشن میں ہیں ۔انہوں نے گزشتہ انتخاب کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ نشستیں ایسی بھی ہیں جہاں بہت معمولی فرق سے سیکولر امیدواروں کی ہار جیت ہوئی تھی ۔اس بار حالات تھوڑے مختلف ہیں ۔ اب کی بار شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان اتحاد ہوگیا ہے ۔ اس لیے ہمیں بہت محتاط ہو کر قدم اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ امیر حلقہ رضوان الرحمٰن نے انتہائی پُرامید اور پرعزم انداز میں رہنمایانہ گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اور اس کے نتائج امت مسلمہ کا ترجیحی مسئلہ نہیں ہے ۔رضوان الرحمن خان نے اتحادی قوت کو سلیقے سے اعلیٰ مقاصد کیلئے استعمال کرنے کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اس کے بعد ایک کھلا مباحثہ شروع ہوا ۔ اس موقع موجود عمائدین شہر نے اپنی آراء پیش کیں ۔ سبھی اس بات پر متفق تھے مسلمانوں میں باہمی اتحاد قائم ہو ۔مسلمانوں کے ساتھ ساتھ برادران وطن کو درپیش مسائل کو بھی انتخابی موضوع بنایا جائے۔ تعلیم صحت اور فلاحی کاموں پر حکومتی بجٹ میں اضافہ ہو ۔اس موقع پر ایک عوامی منشور کا اجراء عمل میں آ یا ۔