آگرہ میں محرم کے جلوس کے دوران ’فلسطین کے حق میں نعرے باری‘ پر 7 گرفتار
آگرہ /فتح پور سیکری19جولائی :۔
اتر پردیش کے آگرہ میں گزشتہ روز بدھ کی رات دیر گئے فتح پور سیکری علاقے میں محرم کے جلوس کے دوران فلسطین کے حق میں اور اسرائیل مخالف نعرے لگانے کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کیا گیا۔یہ گرفتاریاں مبینہ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے کے بعد کی گئیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دیگر ملزمان کو پکڑنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جن کی شناخت جلوس کی دستیاب ویڈیو کلپس کے ذریعے کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے اب تک سات افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے بدھ کی شام محرم کے جلوس کے دوران قابل اعتراض نعرے لگائے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فتح پور سیکری میں بلند دروازے پر جمع ہونے والے ماتمی تعزیہ کی تدفین کے لیے کربلا کی طرف جارہے تھے۔ راستے میں، وہ ایک گھر کے باہر رک گئے اور ایسے نعرے لگائے جس سے شہر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب ہو سکتی ہے،” سونم کمار، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی)، آگرہ (دیہی) نے کہا۔جس علاقے سے جلوس نکالا جا رہا تھا وہاں مخلوط آبادی ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی شرارت کے امکان کو روکنے کے لیے علاقے میں اضافی پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے۔
سیکری پولس چوکی کے انچارج دنیش کمار نے فتح پور سیکری پولیس اسٹیشن میں ایک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کروائی تھی۔ ڈی سی پی نے کہا کہ”ہماری تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ ہماری تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات لگائی جائیں گی۔