آگرہ : جامع  مسجد میں گوشت کا تھیلا رکھ کر ماحول خراب کرنے کی سازش بے نقاب ،ایک گرفتار

نئی دہلی، 11 اپریل :

آگرہ میں آئندہ کرنی سینا کی جانب سےاحتجاج کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور رانا سانگا کو لے کر بیان بازی کے درمیان حالات کشیدہ ہیں دریں اثنا  پولیس نے جمعرات کی شب شاہی جامع مسجد میں ایک تھیلے میں گوشت کا ایک ٹکڑا رکھ کر اتر پردیش کے آگرہ ضلع میں امن کو خراب کرنے کی سازش کا پردہ فاش کیا ہے۔ سی سی ٹی وی سے حاصل ہونے والی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس نے سازش کرنے والے نذر الدین کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی سی پی سٹی سونم کمار نے جمعہ کو بتایا کہ مانٹیلہ پولیس اسٹیشن کے تحت شاہی جامع مسجد کے احاطے میں جمعہ کو ایک  تھیلے کے اندر ایک  جانور کا سر دیکھا گیا۔  سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ پر پتہ چلا کہ ایک نوجوان جو چہرے پر رومال باندھے اسکوٹر پر آرہا تھا، جمعرات کی رات دیر گئے اس بیگ کو  اس کے ہاتھ میں دیکھا گیا۔ نوجوان کی شناخت اور اسے گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی کئی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔ پولیس نے نذرالدین ساکنہ ٹیلا نندرم منٹولا کو گرفتار کرلیا۔ اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے کہ اس کے اس فعل کے پیچھے کیا مقصد تھا۔ اس وقت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پیدل گشت جاری ہے۔

اس معاملے میں جامع مسجد انتظامیہ کمیٹی کے صدر محمد زاہد قریشی نے بتایا کہ آج صبح جب لوگ نماز جمعہ کے لیے مسجد پہنچے تو ایک کونے میں رکھے ہوئے تھیلے سے خون ٹپک رہا تھا۔ سازش کا شبہ ہونے پر وہ اور کمیٹی کے دیگر ارکان اطلاع ملنے پر مسجد پہنچے۔ معاملے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ اس معاملے میں پولیس نے بیگ رکھنے والے شخص کو  گرفتار کر لیا ہے۔