آپ کے گھر ہمارے راکٹوں کے نشانے پر:حزب اللہ
حزب اللہ کا شمالی اسرائیل کی آبادی کو انتباہ جاری،اسرائیل پر 230 گولے داغے،حالات کشیدہ
بیروت ،12 اکتوبر :۔
مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں ۔دریں اثنا حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے علاقوں میں آبادی کو خبردار کیا ہے کہ بڑے شہروں میں بعض رہائشی علاقوں میں واقع گھر اور فوجی اڈے اس کا نشانہ ہوں گے۔حزب اللہ نے اسرائیلی فوج پر الزام عائد کیا ہے کہ "اس نے شمالی اسرائیل کے بعض علاقوں میں گھروں کو اپنے فوجی افسران اور اہل کاروں کے اجتماع کے مراکز بنا رکھے ہیں۔ اسی طرح بڑے شہروں مثلا حیفا، طبریا اور عکا میں رہائشی علاقوں کے اندر فوجی اڈے بھی بنا رکھے ہیں جہاں سے لبنان پر حملوں کا انتظام چلایا جا رہا ہے ۔حزب اللہ کے مطابق مذکورہ گھروں اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ تنظیم نے ان علاقوں کی آبادی کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی کی خاطر ان عسکری اجتماعات کے قریب نہ رہیں۔
دریں اثنا حزب اللہ نے اسرائیل پر تقریباً 230 گولے فائر کیے۔ اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے مطابق یہ حملے لبنان کے جنوبی علاقوں سے کیے گئے۔ اسرائیل نے اس کے جواب میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی حملے کیے، جس کا مقصد شمالی اسرائیل کے شہریوں کی حفاظت اور جنگ زدہ علاقوں میں استحکام لانا ہے۔ شمالی اسرائیل کے علاقوں میں ہزاروں شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے، جس سے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے جمعہ کی شب بتایا کہ وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجنے کے بعد اس نے لبنان سے آنے والے دو ڈرون طیاروں کا پتا چلایا۔ فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ایک ڈرون طیارے کو فضا میں روک لیا گیا۔ البتہ ہرتسلیا شہر میں ایک عمارت کو کچھ نقصان پہنچا۔