آسام حکومت کا غیر مسلموں کے خلاف ‘غیر ملکی’ مقدمات کو واپس لینے کا حکم
ہمنتا بسوا سرما حکومت نے سی اے اے کے تحت تمام غیر مسلموں کو شہریت دینے کی تیاری

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی ،06 اگست :۔
2019 میں جب بی جے پی کی مرکزی حکومت نے ملک میں سی اے اے کے نفاذ کیلئے قانون لائی تو ہر طرف مسلمانوں نے اس کے خلاف احتجاج کیا ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں سے بے چینی پیدا ہوئی اور احتجاج کرنے والوں کو نا سمجھ کہا گیا اور یہ بتایا گیا کہ اس قانون سے ملک کے مسلمانوں کو کچھ نہیں ہوگا لیکن اب آسام حکومت کے ایک فرمان سے واضح ہو گیا ہے کہ سی اے اے کے پس پردہ مودی حکومت نے ملک کے مسلمانوں کے خلاف کس طرح سازش رچی تھی،ان کی شہریت ختم کرنے اور انہیں بے دخل کرنے کا قانون پاس کیا تھا۔تازہ حکم میں آسام کی ہمنتا بسوا سرما حکومت نے تمام غیر مسلموں سے غیر ملکی ایکٹ کے تحت درج کئے گئے مقدمات کو اسی سی اے اے قانون کے تحت واپس لینے کا فرمان جاری کیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق آسام حکومت نے ضلعی عہدیداروں اور غیر ملکی ٹربیونلز کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ چھ مذہبی برادریوں – ہندوؤں، عیسائیوں، سکھوں، بودھوں، جینوں اور پارسیوں کے خلاف تمام مقدمات ختم کردیں ، جو کہ 31 دسمبر 2014 کو یا اس سے پہلے پاکستان،افغانستان یا دیگر ممالک سے ریاست میں آئے تھے۔
17 جولائی کو ریاست کے محکمہ داخلہ کی طرف سے ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی تاکہ اس بات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے کہ سی اے اے غیر ملکی ٹربیونلز میں جاری مقدمات کو کس طرح متاثر کرتا ہے۔ یہ میٹنگ چیف منسٹر ہمانتا بسوا سرما کے احکامات کے بعد ہوئی۔ "شہریت ایکٹ میں کی گئی ترامیم کے مطابق، ایف ٹی ایس کو چھ مخصوص برادریوں سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں کے مقدمات کی پیروی نہیں کرنی چاہئے جو 31.12.2014 کو یا اس سے پہلے آسام میں داخل ہوئے تھے۔ میٹنگ کے منٹس پر ایڈیشنل چیف سکریٹری اجے تیواری نے دستخط کیے تھے۔
عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایسے تمام معاملات کا فوری طور پر جائزہ لیں، ٹربیونل کے ارکان سے ملاقات کریں اور کئے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کریں۔ ریاست نے سی اے اے کے تحت اہل افراد کو ہندوستانی شہریت کے لیے درخواست دینے کی بھی ترغیب دی۔ حکومت نے واضح کیا کہ گورکھا اور کوچ-راجبونگشی برادریوں کے ارکان کے خلاف درج مقدمات کو بھی "فوری طور پر” واپس لیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ جولائی 2024 میں، آسام حکومت نے پہلے ہی سرحدی پولیس سے کہا تھا کہ 2014 سے پہلے داخل ہونے والے غیر مسلموں کے مزید کیس ٹربیونلز کو نہ بھیجے۔ اس کے بجائے، ایسے افراد کو سی اے اے پورٹل کے ذریعے شہریت کے لیے درخواست دینے کے لیے رہنمائی کی جانی تھی، جہاں مرکزی حکومت ان کی حیثیت کا فیصلہ کرے گی۔
شہریت ترمیمی قانون کا مقصد بنگلہ دیش، افغانستان اور پاکستان کے چھ اقلیتی مذہبی برادریوں (سوائے مسلمانوں کے) کے پناہ گزینوں کو اس شرط پر شہریت دینا ہے کہ وہ چھ سال سے ہندوستان میں رہ رہے ہوں اور 31 دسمبر 2014 تک ملک میں داخل ہوں۔اسے دسمبر 2019 میں پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے مارچ 2024 میں ایکٹ کے تحت قواعد کو مطلع کیا۔
آسام میں غیر ملکیوں کے ٹربیونلز نیم عدالتی ادارے ہیں جو 1971 کی نزول اور کٹ آف تاریخ کی بنیاد پر شہریت کے مقدمات کا فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ ٹربیونلز بنیادی طور پر فرد کی طرف سے جمع کرائے گئے دستاویزات پر انحصار کرتے ہیں تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ اس کے خاندان کی آسام یا ہندوستان میں 1971 سے پہلے کی رہائش تھی۔
ٹربیونلز پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ من مانی اور متعصب ہیں اور اسپیلنگ کی معمولی غلطیوں، دستاویزات کی کمی یا یادداشت میں خرابی کی بنیاد پر لوگوں کو غیر ملکی قرار دیتے ہیں۔ اب تک غیر ملکی قرار دیے گئے 1.6 لاکھ افراد میں سے 69,500 سے زیادہ ہندو ہیں۔
اب سی اے اے کے تحت آسام کی متعصب حکومت انہیں شہریت دینے کی تیاری کر رہی ہے اور مسلمانوں کو غیر ملکی قرار دے کر بے دخل کیا جا رہا ہے ۔اگست 2019 میں جب یہ قانون وجود میں آیا تو اس وقت بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا تھا جن خدشات کا اظہار اس وقت کیا گیا تھا وہ تمام خدشات اب دھیرے دھیرے سچ ثابت ہو رہے ہیں ۔آسام میں ٹریبونلز کے ذریعہ باہر کئے گئے تمام غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی جب کہ مسلمانوں کو بے دخل کر دیا جائے گا۔