آر ٹی آئی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مرکز کے پورٹل سے برسوں کا ڈیٹا غائب ہے
نئی دہلی، اگست 24: اطلاعات کے حق کے کارکنوں نے بدھ کو کہا کہ ان کی سابقہ درخواستوں کے سینکڑوں ریکارڈ آن لائن سرکاری پورٹل سے غائب ہو گئے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ ریکارڈ آر ٹی آئی کے اس آن لائن پورٹل سے غائب ہو گیا ہے، جس کے ذریعے شہری مرکزی حکومت سے معلومات تک رسائی کے لیے درخواستیں داخل کر سکتے ہیں۔ مرکزی وزارتوں، محکموں، ذیلی اداروں، ریگولیٹرز، ملک کے غیر ملکی مشنوں اور بعض مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے پورٹل پر درخواستیں داخل کی جا سکتی ہیں۔
یہ پورٹل 2013 میں شروع کیا گیا تھا اور اسے نیشنل انفارمیٹکس سنٹر چلاتا ہے۔
مدھیہ پردیش کے ایک آر ٹی آئی کارکن چندر شیکھر گوڑ نے کہا کہ ان کے آر ٹی آئی آن لائن اکاؤنٹ میں سے بہت سے ریکارڈ غائب ہیں۔
دی وائر کے مطابق ڈیجیٹل حقوق کے کارکن سرینواس کوڈالی نے بھی تصدیق کی کہ ان کا ریکارڈ غائب ہو گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’آر ٹی آئی آن لائن پورٹل کو حکومت کی طرف سے پچھلے کچھ مہینوں سے ناقابل استعمال بنا دیا گیا ہے جس کے ساتھ وہ نئے رجسٹریشن کو روک رہے ہیں اور یہاں تک کہ ان اکاؤنٹس کو حذف کرنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے جو استعمال نہیں ہو رہے ہیں۔ اب 2019 سے پہلے دائر تمام RTIs کو سرور سے حذف کر دیا گیا ہے۔‘‘
کوڈالی نے زور دے کر کہا کہ یہ نہایت سنگین ہے اور ’’آر ٹی آئی پورٹل کے کسی بھی صارف کو اس کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی تھی۔‘‘
2013 میں اپنے آغاز کے بعد سے آر ٹی آئی آن لائن پورٹل نے 58.3 لاکھ سے زیادہ درخواستوں پر کارروائی کی ہے۔ 2022 میں پورٹل پر 12.6 لاکھ سے زیادہ درخواستیں داخل کی گئیں۔