آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کرنے والا ستیندر سیوال گرفتار
لکھنؤ، 04 فروری
اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے روس کے ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانے میں کام کرنے والے ایک نوجوان کو میرٹھ سے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار نوجوان ہاپوڑ ضلع کا رہنے والا ہے۔ اس پر پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کا الزام ہے۔
اتر پردیش اے ٹی ایس کے اے ڈی جی موہت اگروال نے اتوار کو کہا کہ اے ٹی ایس نے ہاپوڑ کے رہائشی ستیندر سیوال کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ وہ 2021 سے ماسکو میں سفارت خانے میں ہندوستان کے سیکورٹی اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے بھارتی سفارتخانے، وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور بھارتی ملٹری انسٹی ٹیوٹ کی اہم خفیہ معلومات پاکستانی ہینڈلرز کو بھیجنے کا اعتراف کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے موبائل فون، آدھار کارڈ، پین کارڈ اور ایک شناختی کارڈ برآمد ہوا۔
اگروال نے کہا کہ اے ٹی ایس کو خفیہ محکمے سے اطلاع ملی تھی کہ آئی ایس آئی کے ہینڈلر کچھ لوگوں سے ہندوستانی وزارت خارجہ کے ملازمین کو پیسے کا لالچ دے کر فوج سے متعلق اہم معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے بعد اے ٹی ایس نے نگرانی کے ذریعے نظر رکھنا شروع کر دی۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ سفارت خانے میں کام کرنے والا ستیندر سیول آئی ایس آئی کے ہینڈلر کو اہم معلومات فراہم کرتا تھا۔ ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد ستیندر سیوال کو میرٹھ کی اے ٹی ایس فیلڈ یونٹ میں بلا کر پوچھ گچھ کی گئی۔ دوران تفتیش اس نے اپنا جرم قبول کر لیا۔ اسے گرفتار کر کے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔