آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ نے ائمہ کرام کو با اختیار بنانے کے لیےمتعدد اسکیموں کا اعلان کیا
نئی دہلی ،10دسمبر:۔
آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کی جانب سے مغربی بنگال میں ائمہ مساجد اور موذنین کے لیے ایک تربیتی اجتماع منعقد کیا گیا۔ اجتماع میں کولکاتہ کے علاوہ مالدہ، مرشدہ آباد اور دیناج ور130 ائمہ و موذنین کی شرکت رہی ۔پروگرام میں ‘اسلامی معاشرے میں علماءو ائمہ کا کردار’ کے عنوان پر ایک مذاکرہ رکھا گیا، جس میں مختلف ائمہ اور علماءنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صدارتی خطاب میں جماعت اسلامی ہند کے نیشنل سیکریٹری ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ علماء،انبیاءکے وارث ہیں اور معاشرے کی اصلاح اور حق کی گواہی ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے علماءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں انہیں عزت و احترام کا مقام حاصل ہے، اور ان کا علم دین کو عام کرنے کا ذریعہ بننا چاہیے۔آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر عارف ندوی نے ٹرسٹ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور ائمہ و مو ٔذنین کے لیے مختلف منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ ائمہ اور ان کے اہل خانہ کے لیے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کرے گا۔ مزید یہ کہ کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم فراہم کرنے کے لیے مفت کورسز شروع کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ چھوٹے کاروبار اور گورنمنٹ کی اسکیموں سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ یہ طبقہ خود کفیل ہو کر معاشرتی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکے۔ اس موقع پر امیر حلقہ بنگال ڈاکٹر مسیح الزماں نے ائمہ اور مؤذنین کو ان کی خدمات پر مبارکباد دی اور ان کی ذمہ داریوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروگرام کے دوران تمام شرکاءکو نئے سال کی ڈائری، وڑن بیگ، اور کتابیں تحفے میں دی گئیں۔اس موقع پر مرکز میں جماعت کے اسسٹنٹ سکریٹری عبدالرفیق نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔پروگرام کے انتظامات مسعود عالم اور اختر حسین نے انجام دیے۔