وزیر اعلیٰ اجتماعی شادی اسکیم میں جعلسازی کرنے والے15 ملزمین جیل رسید

نئی دہلی،05فروری:

اتر پردیش میں ضلع بلیا میں گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ اجتماعی شادی اسکیم میں جعلسازی کے ایک بڑے واقعہ پر یوپی حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے 15 افراد کو جیل رسید کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق  گزشتہ دنوں  اجتماعی شادی تقریب میں جعلسازی کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نےجانچ کے بعد  ملزمین کی خلاف کارروائی کی ہے ۔  اسکیم میں دھوکہ دہی کرنے والے اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ آفیسر بھانو پرتاپ اور کلرک رویندر گپتا کو جمعہ کی شام دیر گئے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے معطل کر دیا۔ اس سے پہلے ایک اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ آفیسر کو سزا ہو چکی ہے۔ اب تک بے ضابطگیوں کے 15 ملزمان کو جیل بھیجا جا چکا ہے۔ چیف ڈیولپمنٹ آفیسر اوجسوی راج نے کہا کہ اس معاملے میں کئی گرام پنچایت افسران کی بھی شناخت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بلیا کے مانیار ترقیاتی بلاک میں 25 جنوری کو منعقدہ   اجتماعی شادی کی تقریب میں 568 لڑکیوں کی شادیاں کی گئیں۔ تقریب کے روز سے ہی شادی شدہ خواتین کی اجتماعی شادی کی تقریب میں دوبارہ فوائد حاصل کرنے کے لیے بیٹھنے کی ویڈیو انٹرنیٹ میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ اس سلسلے میں پہلے دن سی ڈی او نے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر، ڈسٹرکٹ ڈس ایبلڈ آفیسر اور ڈسٹرکٹ بیک ورڈ کلاس آفیسر کی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔تحقیقاتی ٹیم نے مانیار بلاک کے سلطان پور، کاکڑگھٹہ خاص اور مانک پور میں آٹھ نااہل افراد کو پکڑا تھا۔ اس معاملے میں اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ آفیسر سوشل ویلفیئر سمیت نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔