نریندر مودی نے مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا لیاحلف

نئی دہلی، 09 جون :

بی جے پی کے سینئر لیڈر نریندر مودی نے مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ صدر دروپدی مرمو نے اتوار کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔

اس کے ساتھ مودی نے پنڈت جواہر لال نہرو کے مسلسل تین بار وزیر اعظم بننے کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔ پنڈت نہرو 1952، 1957 اور 1962 کے عام انتخابات جیت کر لگاتار تین بار وزیر اعظم بنے۔ جبکہ مودی بالترتیب 2014 اور 2019 کے عام انتخابات جیت کر پہلی اور دوسری بار وزیر اعظم بنے۔ اب انہوں نے تیسری بار حلف اٹھایا ہے۔

حلف برداری کی تقریب میں نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل داہل ‘پر چنڈ’، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے، سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، مالدیپ کے صدر محمد معزو اور ماریشس کے وزیر اعظم پر وِند جگنا تھ بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ ملک بھر سے قائدین، وزیراعلیٰ، اپوزیشن لیڈر، ارکان پارلیمنٹ، فلمی شخصیات، صنعتکار، سنت اور عام لوگ اس پروگرام میں موجود تھے۔ اس موقع پر نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، سابق صدر رام ناتھ کووند، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، اتحادی جماعتوں کے رہنما، صنعت کار مکیش امبانی، گوتم اڈانی، فلمی اداکار رجنی کانت، شاہ رخ خان، اکشے کمار، اداکارہ روینہ ٹنڈن جیسی معروف شخصیات موجود تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ مودی کو جمعہ کو نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے نے 295 سیٹیں جیتیں۔ اس میں بی جے پی 240، ٹی ڈی پی 16، جے ڈی یو 12، شیو سینا (شندے دھڑے) 07، ایل جے پی (رام ولاس) 05، جن سینا پارٹی 02، آر ایل ڈی 02، این سی پی (اجیت پوار) 01، اپنا دل (ایس) 01 اور ایچ اے ایم (سیکولر)) کی 01 نشستیں شامل ہیں۔