’سبزی خور ‘بننے کا نعرہ لگانے والی بی جے پی کے رہنما کی جھٹکا میٹ کی حمایت میں مہم

 مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے جھٹکا میٹ  کی دکان کا افتتاح کرتے ہوئے ہندوؤں سے جھٹکا میٹ کھانے کی اپیل کی  

نئی دہلی،21فروری :۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کبھی گوشت خوری کے خلاف مہم چلاتے ہیں اور مسلمانوں کی دکانوں کو جبراً بند کراتے ہیں ،اور کبھی حلال گوشت کے بجائے جھٹکا میٹ کھانے کی مہم چلاتے ہیں ۔دونوں طرف سے یہ تذبذب مبتلا کرتے ہیں ۔بہار کے بیگو سرائے سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گری راج سنگھ اپنے بے تکے اور مسلم مخالف بیان کے لئے اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں ۔ایک بار پھر انہوں نے حلال گوشت کے خلاف اور جھٹکا کھانے کی وکالت کرتے ہوئے مہم شروع کی ہے۔  گریراج سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں وہ گوشت کی دکان کی تشہیر کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ لوگوں سے جھٹکا گوشت کھانے کی اپیل کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

مرکزی وزیر گریراج سنگھ نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’میں نے بیگوسرائے میں بہت سے لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں جھٹکا گوشت کی دکان کھولنے کے لیے حوصلہ افزائی کی ہے۔ آنے والے وقت میں مزید جھٹکا گوشت کی دکانیں کھولی جائیں گی اور ان کو وسعت دی جائے گی، اور میں ذاتی طور پر ان دکانوں کی تشہیر کروں گا۔ امر کا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔‘‘

ویڈیو میں گریراج سنگھ کہہ رہے ہیں، ”میں تمام ہندوؤں سے کہتا ہوں کہ آپ اپنے مذہب کی حفاظت کریں، لوگ اپنے مذہب کی حفاظت کریں۔ ہمارے دھرم میں جھٹکا ہے اس لئے ہم جھٹکا گوشت کھائیں گے۔ جو حلال کھاتے ہیں، وہ حلال کھائیں، ہم انہیں منع کرنے نہیں جائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ مرکزی وزیر ایک میٹ کی دکان کا افتتاح کر رہے ہیں اور جھٹکا میٹ کی دکان کھولنے والے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گری راج سنگھ نے ہندوؤں سے حلال گوشت چھوڑنے اور جھٹکا میٹ کھانے کی اپیل کی تھی ۔