دانش علی پر متنازعہ تبصرہ کرنے والے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے مانگی معافی

نئی دہلی ،07دسمبر :۔

بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی پر متنازعہ تبصرہ کرنے کے معاملے میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے معافی مانگ لی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دانش علی کے خلاف ان کے تبصرہ پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے افسوس ظاہر کیا تھا اور اب بدھوڑی نے پارلیمانی کمیٹی سے کہا کہ انھیں بھی اپنے اس عمل پر افسوس ہے۔

قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا میں بولتے ہوئے رمیش بدھوڑی نے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا جس کے بعد سیاست گرما گئی تھی۔ لوک سبھا اسپیکر نے بعد میں رمیش بدھوڑی کے الفاظ کو ایوان کی کارروائی سے حذف کر دیا تھا۔ رمیش بدھوڑی کے تبصرہ پر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈران نے خوب ہنگامہ بھی کیا تھا اور بدھوڑی کو ایوان سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

قابل اعتراض تبصرہ کا معاملہ بعد میں پارلیمنٹ کی خصوصی استحقاق کمیٹی کے پاس چلا گیا تھا اور کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں دونوں ہی اراکین پارلیمنٹ نے اپنی اپنی باتیں رکھی تھیں۔ اس معاملے میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری، این سی پی لیڈر سپریا سولے سمیت کئی اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھ کر بدھوڑی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔اس سے قبل خود دانش علی بدھوڑی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں ۔