حراست میں لئے گئے فلسطینی شہریوں کیساتھ اسرائیلی فوج کا دردناک سلوک، ویڈیو وائرل
غزہ،08دسمبر:۔
غزہ میں جاری جنگ میں اسرائیلی فوج کی انسانیت سوز اور دردناک کارروائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔جس سے فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل کی انسانیت سوز حرکت کا پتہ چلتا ہے ۔
اسرائیلی اور فلسطینی میڈیا نے ایسی ویڈیوز جاری کی ہیں جن میں اسرائیلی فوج کی حراست میں موجود متعدد فلسطینی شہریوں کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر چند ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی جارہی ہیں جن میں دِکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے درجنوں فلسطینی شہریوں کو شدید سردی میں کپڑے اتار کر اُن کی آنکھوں پر پٹی اور ہاتھوں کو باندھ کر کھلے مقامات پر بٹھایا ہوا ہے۔اسرائیلی فوج نے ناصرف حراست میں لئے گئے فلسطینیوں کو کھلے مقامات پر بٹھایا بلکہ اُنہیں کپڑوں کے بغیر ہی ٹرکوں میں اسرائیل بھی منتقل کیا۔
زیرِ حراست فلسطینیوں کا تعلق غزہ کے مختلف علاقوں سے ہےجن میں بزرگ اور نوجوانوں کے علاوہ بچے بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد حماس کے سیاسی ونگ کے ایک رکن اسامہ حمدان نے معصوم فلسطینی شہریوں کے ساتھ اسرائیلی فوج کی بدسلوکی کی مذمت کی جبکہ اغوا کیے جانے والے فلسطینی شہریوں کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے بتایا کہ ان کا حماس یا کسی دوسرے گروپ سے کوئی تعلق ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 63 صحافی جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں 56 فلسطینی، 4 اسرائیلی اور 3 لبنانی شامل ہیں جب کہ صحافیوں کی اہل خانہ کی تعداد اس کے علاوہ ہیں۔