جنوبی غزہ میں شدید جنگ جاری،   صورتحال تاریخ کا سیاہ ترین باب: اقوام متحدہ

غزہ،06دسمبر :۔

غزہ پر دو ماہ سے جاری اسرائیل کی سفاکانہ کارروائیوں میں شدت اختیار کر لی ہے ۔اب جنوبی غزہ میں گھمسان کی جنگ جاری ہے ۔اسرائلی فوجیوں نے  اسپتالوں کے اطراف اور رہائشی عمارتوں پر شدید بمباری کی ہ ۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی موجودہ صورتحال بتدریج بدتر ہورہی ہے اور وہاں انسانیت کو تاریخ کی بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اسپتالوں کے اطراف اور رہائشی عمارتوں پر شدید بمباری کی گئی ہے، اسرائیل افواج نے کمال عدوان اسپتال کا گھیراو کرلیا ، کمال عدوان کے قریب 100 افراد شہید ہوگئے، شہداء کی تعداد 16250ہوگئی۔

اسرائیلی فوج نے مزید 5 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، حماس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مختلف حملوں میں 26 صیہونی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا ہے جبکہ خان یونس میں 24 اسرائیلی ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں مکمل یا جزوی تباہ کردیں، اسرائیلی بمباری میں لبنانی فوجی بھی شہید ہوگیا۔

منگل کے روز اسپتال کے اطراف میں بمباری سے 100 افراد شہید ہوگئے، اسپتال میتوں اور زخمیوں سے بھر گیا جبکہ وہاں 7 ہزار سے زائد بے گھر افراد موجود ہیں۔

غزہ میں وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ کمال عدوان میں بھی الشفا اسپتال پر ہونے والی سفاکیت دہرائی جارہی ہے، اسپتال سے نکلنے والے ہر شخص کو اسنائپر سے نشانہ بنایا جارہا ہے، اسپتال میں نسل کشی کا خطرہ ہے۔ غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فورسز کی بمباری میں درجنوں افراد شہید ہوگئے، غزہ کی وزارت صحت کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 16 ہزار 250 ہوگئی ہے، شہداء میں 7 ہزار 112 بچے اور 4 ہزار 885 خواتین شامل ہیں۔