بی جے پی رہنما سمبت پاترا کی لن ترانی،جگن ناتھ کو مودی بھکت قرار دیا

 ہنگامہ آرائی کے بعد  مانگی معافی،اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک،کیجریوال سمیت متعدد رہنماؤں نے تنقید کا نشانہ بنایا

نئی دہلی ،21 مئی :۔

وزیر اعظم مودی کی بھکتی میں بی جے پی رہنما اس طرح اندھے  ہو گئے ہیں کہ وہ اپنے بھگوان کو بھی مودی کے سامنے بونا بنانے میں ذرا بھی نہیں ہچکتے ۔تازہ معاملہ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا کا ہے جہاں سمبت پاترا ایک اڑیہ چینل سے بات کرتے ہوئے بھگوان  جگناتھ کو مودی بھکت قرار دیا ۔لیکن بیان کے بعد سوشل میڈیا پر جگ ہنسائی اور تنقید کے بعد انہیں اپنی غلطی کااحساس ہوا اور معافی مانگ لی ۔

سمبت پاترا کا اس طرح مودی بھکتی میں دیا گیا پہلا بیان نہیں ہے بلکہ اس سے قبل 2017 میں انہوں نے ایک ٹی وی چینل پر بحث کے درمیان مودی کو ملک کا باپ قرار دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بی جے پی لیڈر سمبت پاترا نے بھگوان جگن ناتھ کے بارے میں اپنے تبصرے پر عوام سے معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کفارے کے طور پر 3 دن کے روزے رکھنے (اپواس) کا وعدہ بھی کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر سمبت پاترا نے کہا کہ وہ اپنی ‘زبان پھسلنے’ کے لیے معافی مانگتے ہیں اور وہ بھگوان سے معافی مانگنے کے لیے اگلے 3 دن تک روزہ رکھیں گے۔

خیال رہے کہ سمبت پاترا پوری لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ پاترا نے پیر کو اڈیشہ کے ایک مقامی نیوز چینل پر کہا تھا ’’بھگوان جگن ناتھ وزیر اعظم نریندر مودی کے بھکت ہیں۔‘‘ بعد میں انہوں نے اسے "زبان کا پھسلنا‘‘ قرار دیا۔

پاترا نے رات ایک بجے کے قریب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کر کے بھگوان جگن ناتھ کے بارے میں اپنی غلطی کے لیے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا، ’’آج میں بھگوان جگن ناتھ کے تعلق سے ہونے والی اپنی غلطی سے بہت پریشان ہوں۔ میں بھگوان جگن ناتھ کے قدموں میں سر جھکا کر معافی مانگتا ہوں۔ اپنی غلطی کا کفارہ اور توبہ کرنے کے لیے میں اگلے تین دن تک اپواس رکھوں گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’پی ایم مودی کے پوری کے دورے کے دوران میں پوری کے گرینڈ روڈ پر بہت زیادہ ہجوم کے درمیان میڈیا کے کئی ساتھیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا تھا۔ اسی وقت ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے میں نے غلطی سے ‘مودی کے بھکت جگن ناتھ‘ کہہ دیا۔ اس غلطی کے لیے میں بھگوان جگن ناتھ کے قدموں میں سر جھکا کر اور معافی مانگتا ہوں۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے پاترا نے کہا، ’’یہ ممکن نہیں ہے، کوئی بھی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ بھگوان کسی انسان کا بھکت ہے۔ ایک چینل کو بائٹ دیتے وقت غلطی ہوئی ہے۔ میں اس بات سے متفق ہوں۔ کچھ لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے لیکن کسی شخص سے انجانے میں ہوئی غلطی کو بھگوان بھی معاف کر دیتا ہے۔‘‘

دراصل، جیسے ہی پاترا نے یہ تبصرہ کیا اوڈیشا کے وزیر اعلی نوین پٹنائک، کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور اروند کیجریوال جیسے بڑے اپوزیشن لیڈروں نے بی جے پی اور پاترا کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں اوڈیا کی شناخت کو ٹھیس پہنچانے پر سمبت پاترا پر تنقید کی۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا، ’’مہا پربھو شری جگن ناتھ کائنات کے بھگوان ہیں۔ مہا پربھو کو کسی دوسرے انسان کا ‘بھکت’ کہنا بھگوان کی توہین ہے۔ یہ مکمل طور پر قابل مذمت ہے۔ اس سے دنیا بھر کے کروڑوں جگناتھ بھکتوں اور اوڈیا لوگوں کے جذبات اور عقیدے کو ٹھیس پہنچی ہے۔‘‘