بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو کامن سول کوڈ  نافذ کیا جائے گا

لوک سبھا انتخابات کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا اعلان،آئندہ پانچ سالوں میں ون نیشنل ون الیکشن کا بھی ہوگا نفاذ

نئی دہلی ،27 مئی :۔

لوک سبھا انتخابات 2024 کے لئے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے ،چھ مراحل مکمل ہو چکے ہیں اب آخری مرحلے کی پولنگ باقی ہے ۔ دریں اثنا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں واپس آتی ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد اگلے پانچ سالوں کے اندر پورے ملک کے لیے یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں، شاہ نے ذکر کیا کہ مودی حکومت، اپنی اگلی مدت میں، ‘ون نیشن ون الیکشن ‘ کو بھی نافذ کرے گی، کیونکہ وقت آ گیا ہے کہ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرائے جائیں۔

بی جے پی پر مذہب کی بنیاد پر ووٹ لینے اور ہندو مسلمان کرنے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے شاہ ن کہا کہ  بی جے پی نے مذہب پر مبنی مہم  نہیں چلائی ہے۔ تاہم، انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر مسلمانوں کے ریزرویشن  کے خلاف بولنا، دفعہ 370 کو منسوخ کرنا، اور یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنا مذہبی مسائل سمجھا جاتا ہے، تو بی جے پی نے  یہ قدم اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی اٹھاتی رہے گی ۔

الیکشن کمیشن کے پول ڈیٹا اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں گڑبڑی  کے بارے میں الزامات پر ، شاہ نے کیا کہ پچھلے انتخابات میں اسی طرح کے پروٹوکول کا استعمال کیا گیا ہے، بشمول تلنگانہ، مغربی بنگال، اور ہماچل پردیش، جہاں بی جے پی ہار گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے خدشات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔شاہ نے پولنگ کے عمل پر کانگریس کی تنقید کو راہل گاندھی کی کوتاہیوں سے منہ موڑنے کا حربہ قرار دیا۔