ایودھیا سے شکست کی ٹیس،بی جے پی حامیوں نے ایودھیا باشندوں کو بنایا ہدف تنقید

نئی دہلی ،06 جون :۔

لوک سبھا الیکشن 2024 میں بی جے پی نے توقع کے بر خلاف نتائج پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔اس نتیجے سے بی جے پی کے خیمے میں مایوسی ہے جس کے لئے وہ ہندو اکثریت پر اپنا غصہ نکال رہے ہیں۔ مایوسی کے عالم میں متعدد شدت پسند ہندوؤں نے ہندو اکثریت کو برا بھلا ہی نہیں بلکہ نا زیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے ہدف تنقید بنایا ہے۔ اس سلسلے میں خاص طور پر اتر پردیش کے نتائج نے بی جے پی حامیوں کو بری طرح مایوس کیا ہے جہاں ان کا دعویٰ تھا کہ وہ اسی کی اسی سیٹیں جیت رہے ہیں او ر یوگی آدیہ ناتھ کی مقبولیت پر انہیں پورا بھروسہ تھا کہ ہندو انہیں ووٹ دیگا لیکن حیران کن طریقے سے بی جے پی کو ایودھیا کی سیٹ گنوانے پر سب سے زیادہ دکھ ہے۔جس کا اثر واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ایودھیا سے سماج وادی پارٹی کے اودھیش پرساد نے بی جے پی کے سینئر رہنما للو سنگھ کو زبر دست طریقے سے شکست دی ہے۔

متعدد بی جے پی حامیوں نے ایودھیا سے فیض آباد سیٹ ہارنے پر ایودھیا کے باشندوں کو ہی برا بھلا کہنا شروع کر دیاہے۔ایودھیا کے ایک مہنت راجو داس نے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیا کہ اچھا ہوا رامان میں رام جی راون سے جنگ کرنے کے لئے بندروں اور بھالوؤں کو لے گئے تھے اگر ایودھیا والوں کو لے جات تو سونے کی لنکا میں سونے کے چکر میں راون سے بھی سمجھوتہ کر لیتے۔

وہیں دوسری جانب رامانند ساگر کی رامائن میں لکشمن کا کردار ادا کرنے والے اداکار سنیل لہری نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی ہے کہ ایودھیا کے شہریوں نے بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا۔   سنیل لہری نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر اپنی ناراضگی اور مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فیض آباد پارلیمانی حلقہ کے نتائج کو لے کر ایودھیا کے ووٹروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم بھول جاتے ہیں کہ یہ وہی ایودھیا کے باشندے ہیں جنہوں نے جلاوطنی سے واپسی کے بعد سیتاماتا پر شک کیا تھا۔ اگر بھگوان خود بھی ظاہر ہو جائے تو کچھ خود غرض ہندو ہیں جو انہیں بھی مسترد کر دیں گے۔” سنیل لہری نے پہلی پوسٹ میں کہا تھا کہ ایودھیا کے شہریوں نے ہمیشہ اپنے حقیقی  راجہ  کو دھوکہ دیا ہے۔

ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا، "ایودھیا کے لوگو، ہم آپ کی عظمت کو سلام کرتے ہیں، آپ وہ ہیں جنہوں نے دیوی سیتا کو بھی نہیں بخشا۔ اس لیے آپ کے لیے اس چھوٹے سے خیمے سے ایک خوبصورت مندر میں بیٹھے بھگوان رام کو دھوکہ دینا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ پورا ہندوستان آپ کو پھر کبھی عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھے گا۔ایک اور پوسٹ میں سنیل لہری نے ایودھیا کے لوگوں کا موازنہ ’’باہوبلی‘‘ کے کردار کٹپا سے کیا۔ اس فلم میں کٹپا نے اپنے بادشاہ امریندر باہوبلی کو مار ڈالا تھا۔

ان کے علاوہ متعدد بی جے پی حامی یوٹیوبر ،صحافی اور کارکنان نے ایودھیا والوں کو غدار اور نہ جانے کن کن الفاظ سے یاد کیا ہے لیکن یہ تمام لوگ اس بات پر غور کرنے سے قاصر ہیں کہ آخر ایودھیا والوں نے ایسا کیوں کیا ۔جب اتنے بڑ پیمانے پر ترقیاتی کام ہوئے ہیں تو شہریوں کے اندر ناراضگی کیوں ہے۔جبکہ اس کے پیچے متعدد وجوہات بیان کی جا رہی ہیں جن میں ایک بڑی وجہ ترقیاتی کاموں ک دوران بڑے پیمانے پر  مقامی لوگوں کی دکانوں اور مکانوں پر بلڈوزر چلانا اور مناسب معاوضہ نہ دینا بھی ہے۔وی آئی پی اور باہری مہمانوں کے مہمان نوازی میں ایودھیا کے اصل باشندوں کو در کنار کر دیا جانا بھی شامل ہے۔ایسے متعدد وجوہات ہیں جن پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔