اتر پردیش:لاؤڈ اسپیکر کا جن پھر بوتل سے باہر،ریاست بھر میں کارروائی

مذہبی مقامات پر خاص طور پر مساجد میں لگے اسپیکر کے خلاف یوگی سرکار نے مہم چلا کر کارروائی کی ،تین ہزار سے زائد اسپیکر اتروائے

نئی دہلی،28نومبر :۔

ہندو اکثریت کے تہواروں کا سیزن ختم ہوتے ہی ایک بار پھر یو پی حکومت ریاست بھر میں لگے لاؤڈ اسپیکر کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق  پیر کے روز نماز فجر کے بعد ہی مختلف اضلاع میں پولیس اہلکاروں کی ٹیم سر گرم ہو گئی اور خاص طور پر مساجد میں لگے اسپیکر کے خلاف خصوسی مہم چلائی گئی ۔

رپورٹ کے مطابق  خصوصی مہم چلا کر ریاست بھر سے61399 مذہبی مقامات پر نصب لاؤڈ اسپیکر س کو چیک کیا گیا ۔چیکنگ کے دوران 7288 لاؤڈ اسپیکرس کی آواز کم کرائی گئی اور 3238 اسپیکر کو مساجد سے اترایا گیا ،اس کے علاوہ کچھ لوگوں کے خلاف رپورٹ بھی درج کئے جانے کی اطلاع ہے ،جبکہ متعدد مقامات پر ذمہ داران کو نوٹس دے کر دوبارہ غلطی نہ کرنے پر انتباہ دیا گیا ہے ۔

ریاستی پولیس ہیڈ کوارٹر کی خصوصی ہدایت کے تحت پیر کے روز صبح پانچ بجے سے سات بجے تک ریاست کے تمام اضلع و کمشنریوں میں سینئر افسران کی قیادت میں عوامی مقامات اور مذہبی مقامات پر نصب امپلیفائر ڈیوائسز کے خلاف خصوصی مہم چلا کر کارروائی کی گئی ۔گزیٹیڈ افسران کی سربراہی  میں چیکنگ ٹیم تشکیل دی گئی اور لاؤڈ اسپیکرس و ساؤنڈ ایمپلیفائرز کو چیک کیا گیا ۔ معمول کے بر عکس ،مقررہ ڈیسیبل کی حد سے زیادہ کام کرنے والے لاؤڈ اسپیکرس و ساؤنڈ ایمپلیفائرس کے خلاف کارروائی کی گئی ۔

واضح رہے کہ اتر پردیش میں لاؤڈ اسپیکرس کے خلاف 23 نومبر سے 22 دسمبر تک ایک ماہ کی مہم چلائی جا رہی ہے ۔ اسی کے تحت پیر کی صبح پوری ریاست میں ایک ساتھ مہم چلائی گئی اور صبح پانچ بجے سے سات بجے تک یہ مہم چلائی گئی ۔ جس میں پانچ سے دس پولیس اہلکار شامل تھے ۔