اتراکھنڈ : انکیتامرڈر معاملہ میں انصاف کی آواز اٹھانے والے صحافی کے خلاف ہی کارروائی

بیٹی بچاؤ ،بیٹی پڑھاؤ کے دعوے کرنے والی بی جے پی کی حکومت میں انکیتا کے والد بیٹی کی انصاف کے لئے سڑکوں پر دھرنا دینے پر مجبور

نئی دہلی ،07مارچ :۔
بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں انصاف کا مطالبہ کرنا بھی ایک جرم بنتا جا رہا ہے ،معاملہ اگر بی جے پی کا کوئی رہنما کے خلاف ہو تو معاملہ اور بھی سنگین ہو جاتا ہے ۔اتراکھنڈ میں انکیتا بھنڈاری قتل معاملہ بھی کچھ ایسی ہی صورتحال سے گزر رہا ہے ۔گزشتہ سال انکیتا 18 ستمبر 2023 سے لاپتہ تھی، 24 ستمبر کی صبح رشی کیش کی چیلا نہر سے اس کی مسخ شدہ لاش برآمد کی گئی ۔ وہ رشی کیش کے ونانتھارا ریزورٹ میں ریسپشنسٹ تھی۔ پولیس نے بتایا تھا کہ ریزورٹ کے مالک اور منیجر انکیتا پر آنے والے کچھ مہمانوں کے لیے خصوصی خدمات فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ جب اس نے احتجاج کیا تو اسے قتل کر دیا۔ اس معاملے میں بی جے پی لیڈروں کے نام آنے کے بعد پولس نے کافی دنوں تک کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس دوران ریزورٹ کو بلڈوزر سے مسمار کر کے شواہد کو تباہ کر دیا گیا۔
ایک لمبے عرصے سے انکیتا کے والد وریندر سنگھ بھنڈاری اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مگر کہیں کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔ناراض لوگ بھی اب سڑکوں پر اتر کر انصاف کی فریاد کر رہے ہیں مگر معاملہ آگے نہیں بڑھ پا رہا ہے ۔اب پولیس انکیتا کے لیے انصاف کا مطالبہ کرنے والے لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کر رہی ہے۔ مقامی صحافی آشوتوش نیگی نے سب سے پہلے یہ مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے اپنے پورٹل پر اس کا احاطہ کیا۔ یہاں کے لوگوں نے یوتھ جسٹس سنگھرش کمیٹی بنائی اور پوڑی میں تحریک چلائی۔ انکیتا کے والد مسلسل سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں نومبر میں احتجاج ہوا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں حکومت کی ہدایت پر منگل کی رات دیر گئے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہوتے ہی لوگ سڑکوں پر آگئے اور مظاہرہ کیا۔مگر پولیس نے انکیتا کے ملزمین کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے اس معاملے کو دنیا کے سامنے لانے والے صحافی کو ہی مختلف دفعات کے تحت گرفتار کر لیا۔
اتراکھنڈ کے ڈی جی کا کہنا ہے کہ آشوتوش نیگی کو سماج میں بدامنی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی جی کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو اکسا رہا تھا۔ تاہم، بڑی تعداد میں لوگوں نے پوڑی میں جلوس نکالا اور پولیس کی باتوں کو جھٹلایا۔ لوگوں نے الزام لگایا کہ پولس انکیتا کے والد کو گرفتار نہیں کر سکی اس لیے انہوں نے آشوتوش نیگی کو گرفتار کر لیا۔ اس سے قبل پولیس نے نیگی کے خلاف ایس سی/ایس ٹی سیکشن کے تحت بھی مقدمہ درج کیا تھا۔