۔2024 کا لوک سبھا انتخابات اکیلے لڑے گی ترنمون کانگریس
بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کے اتحاد کی مہم کو ممتابنرجی نے جھٹکا دیتے ہوئے کسی بھی اتحاد کے امکان کو خارج کر دیا
کولکاتہ،03مارچ :۔
لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے اپوزیشن کو متحد کرنے کی مہم کو ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اپنے تازہ بیان سے زبر دست دچھکا دیا ہے ۔ عام انتخابات 2024 کے لیے کسی بھی اتحاد کے امکان کو خارج کرتے ہوئے ممتا نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی یہ الیکشن تنہا لڑے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا نے ایک بیان میں کہا کہ ترنمول کانگریس اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات عوام کی حمایت سے تنہا لڑے گی۔ انہوں نے کہا، "2024 میں ہم ترنمول کانگریس اور عوام کے درمیان اتحاد دیکھیں گے، ہم کسی اور سیاسی پارٹی کے ساتھ نہیں جائیں گے، ہم عوام کی حمایت کے زور پر یہ الیکشن اکیلے لڑیں گے۔
شمال مشرقی کی تین ریاستوں میں ہوئے انتخاب کا نتیجہ آ چکا ہے جس میں ٹی ایم سی خاطر خواہ مظاہرہ کرنے میں نا کام رہی ہے ۔اور تمام محنت کے باوجود ٹی ایم سی کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔چنانچہ تریپورہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو لوگ بی جے پی کو شکست دینا چاہتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ ہمارے حق میں ووٹ دیں گے۔ ساتھ ہی، میں یہ بھی مانتی ہوں کہ جو لوگ سی پی آئی (ایم) کو ووٹ دے رہے ہیں۔ اور کانگریس دراصل ایک طرح سے بی جے پی کو ہی ووٹ دے رہی ہے۔ یہ سچ آج ہی سامنے آیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ تریپورہ کی 60 رکنی اسمبلی میں ٹی ایم سی ایک بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔
خیال رہے کہ بنگال کے سردیگھی ضمنی انتخاب میں کانگریس نے حکمراں ترنمول سے اسمبلی سیٹ چھین لی۔ اس پر ممتا بنرجی نے سی پی ایم اور کانگریس دونوں پر نشانہ سادھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس، بائیں بازو اور بی جے پی سبھی نے سردیگھی میں "فرقہ وارانہ کارڈ” کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ فرق یہ ہے کہ بی جے پی نے اسے کھل کر کھیلا ہے، لیکن سی پی ایم اور کانگریس نے اسے خفیہ طور پرکھیلا ہے۔
کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے ممتا نے کہا، جو لوگ بی جے پی کو ہرانا چاہتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ ہمیں ووٹ دیں گے۔ ترنمول کانگریس اتنی مضبوط ہے کہ وہ ان تینوں طاقتوں کا ایک ساتھ مقابلہ کر سکے۔ ہم نے 2021 کے بنگال اسمبلی انتخابات میں یہ کیا ہے، ہم اسے دوبارہ کریں گے۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ غور طلب ہے کہ ترنمول کانگریس گوا اور پھر تریپورہ میں اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی۔ تاہم پارٹی نے میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پانچ سیٹیں جیتیں۔