جنوری سے اب تک 2,417 ہندوستانیوں کو امریکہ سے ملک بدر کیا گیا
تین دہائیوں سے امریکہ میں مقیم سکھ خاتون ہرجیت کور کو بے دخل کئے جانے کے بعد ملک بدری کا معاملہ پھر سرخیوں میں
نئی دہلی,28ستمبر :۔
امریکہ اور ہندوستان کے درمیان ٹیرف اور ایچ ون بی ویزا تنازعہ کے درمیان وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے گزشتہ روز جمعہ کو اطلاع دی کہ اب تک امریکہ سے کتنے ہندوستانیو ں کو ملک بدر کیا گیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ جنوری سے اب تک 2,400 سے زیادہ ہندوستانیوں کو امریکہ سے ملک بدر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان غیر قانونی امیگریشن کے خلاف ہے اور لوگوں کی قانونی نقل و حرکت کے راستے کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا، "جنوری سے لے کر اب تک 2,417 ہندوستانیوں کو امریکہ سے ملک بدر کیا گیا ہے یا وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔”
معلوم ہوا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے پنجاب سے تعلق رکھنے والی 73 سالہ سکھ خاتون ہرجیت کور کو ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد ملک بدری کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آیا ہے۔ کور تین دہائیوں سے امریکہ میں رہ رہی تھیں۔
اس حوالے سے رندھیر جیسوال نے کہا کہ 20 جنوری 2025 سے اب تک امریکی انتظامیہ نے ہرجیت کور سمیت 2417 ہندوستانیوں کو ڈی پورٹ کیا ہے۔انہوں نے کہا، "ہم ہجرت کے لیے قانونی راستے کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ مزید برآں، ہندوستان غیر قانونی نقل مکانی کے خلاف ہے۔
جیسوال کے مطابق جب کوئی شخص کسی ملک میں قانونی حیثیت کے بغیر پایا جاتا ہے اور ہندوستانی شہریت کا دعویٰ کرتا ہے تو ہندوستان ان کے دستاویزات کی تصدیق اور ان کی قومیت کی تصدیق کے بعد ہی انہیں واپس لے جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دوسری بار اقتدار سنبھالنے کے بعد، امریکہ میں غیر قانونی طور پر رہنے والے 104 ڈیپورٹیوں کو لے کر پہلا امریکی فوجی طیارہ 5 فروری کو امرتسر کے سری گرو رام داس جی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔فلائٹ میں سوار افراد نے بتایا کہ انہیں امریکہ سے ہندوستان لے جانے کے دوران 40 گھنٹے تک ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ ان کی ٹانگوں کو بیڑیوں سے جکڑ دیا گیا تھا۔ انہیں اپنی نشستوں سے ایک انچ بھی ہلنے نہیں دیا گیا۔ بار بار کی درخواست کے بعد، انہیں خود کو بیت الخلاء تک گھسیٹنے کی اجازت دی گئی۔