وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کے ساتھ پانچ گھنٹے کی میٹنگ کے بعد پہلوانوں نے 15 جون تک کے لیے اپنا احتجاج روکا
نئی دہلی، جون 7: جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات پر اپنے فیڈریشن چیف کے خلاف احتجاج کرنے والے ہندوستان کے چوٹی کے پہلوانوں نے بدھ کو کہا کہ وہ ایک ہفتے کے لیے اپنا احتجاج معطل کر رہے ہیں۔
یہ اعلان پہلوانوں کی مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر کے ساتھ تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ کے بعد سامنے آیا۔
پہلوان، بشمول اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کے ساتھ ساتھ دو بار کی عالمی چیمپئن شپ میڈلسٹ وینیش پھوگاٹ، اپریل سے دہلی میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ اس پر ایک نابالغ سمیت خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔
سنگھکے خلاف ، جو بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ہیں، سپریم کورٹ کے اس معاملے میں مداخلت کے بعد دہلی پولیس نے دو کیسز میں مقدمہ درج کیا ہے۔
ٹھاکر نے بدھ کے روز کہا کہ حکومت نے پہلوانوں کو یقین دلایا ہے کہ سنگھ کے خلاف تحقیقات 15 جون تک مکمل ہو جائیں گی اور چارج شیٹ داخل کی جائے گی۔ وزیر نے مزید کہا کہ ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن کے انتخابات 30 جون تک ہوں گے۔
ٹھاکر نے کہا کہ 28 مئی کو پہلوانوں کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لے لیے جائیں گے۔
پونیا، ملک اور پھوگاٹ پر دہلی پولیس نے فسادات اور سرکاری ملازمین کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، جب انھوں نے نئی دہلی میں نئے پارلیمنٹ کمپلیکس کی طرف مارچ کی قیادت کرنے کی کوشش کی تھی جس کا افتتاح اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی کر رہے تھے۔
دہلی پولیس نے پہلوانوں سے بدتمیزی کی اور انھیں کئی تھانوں میں تقریباً دس گھنٹے تک حراست میں رکھا۔
ملک اور پونیا نے بدھ کے روز کہا کہ احتجاج ختم نہیں ہوا ہے بلکہ حکومت کی درخواست پر اسے صرف 15 جون تک معطل کر دیا گیا ہے۔
منگل کو مرکز نے احتجاج کرنے والے پہلوانوں کو اس معاملے پر بات چیت کے ایک اور دور کے لیے مدعو کیا تھا۔ پہلوانوں نے جنوری کے شروع میں ٹھاکر سے ملاقات کی تھی، جب انھوں نے سنگھ کے خلاف سب سے پہلے اپنا احتجاج شروع کیا تھا۔
جنوری میں ٹھاکر کے ساتھ مسلسل بات چیت کے بعد وزارت کھیل نے معاملے کی تحقیقات کے لیے باکسر ایم سی میری کوم کی سربراہی میں ایک نگرانی پینل تشکیل دیا تھا۔ تاہم سنگھ کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہ ہونے کے بعد پہلوانوں نے اپریل میں دوبارہ احتجاج شروع کر دیا۔
منگل کی ترقی اس وقت ہوئی جب پہلوانوں نے 3 جون کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
پونیا نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حکومت نے انھیں اور مظاہرین کو بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مظاہرین سے کہا گیا تھا کہ وہ شاہ سے ملاقات پر بات نہ کریں۔
پونیا نے کہا ’’احتجاجی تحریک ختم نہیں ہوئی ہے، یہ جاری رہے گی۔ ہم حکمت عملی بنا رہے ہیں کہ اسے آگے کیسے بڑھایا جائے۔ کھلاڑی حکومت کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں اور نہ ہی حکومت ہمارے مطالبات سے اتفاق کر رہی ہے۔‘‘
انھوں نے کہا کہ پہلوان حکومت کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج واپس نہیں لیں گے۔ پہلوان نے کہا کہ ’’ہم جنوری میں حکومت کی یقین دہانیوں پر واپس چلے گئے تھے، لیکن بعد میں ہم جھوٹے قرار دیے گئے۔‘‘
پچھلے ہفتے ٹھاکر نے احتجاج کرنے والے پہلوانوں پر ’’گول پوسٹ تبدیل کرنے‘‘ کا الزام لگایا تھا اور انھیں خبردار کیا تھا کہ وہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے کھیل یا دیگر کھلاڑیوں کو نقصان پہنچے۔
ٹھاکر نے اپوزیشن لیڈروں کے جنتر منتر کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا ’’کھلاڑیوں نے خود کہا تھا کہ یہ پلیٹ فارم سیاست کرنے کے لیے نہیں ہے۔ لیکن بعد میں سیاسی جماعتیں آئیں اور گئیں اور اس پلیٹ فارم کو شیئر کیا۔‘‘
جیسا کہ پہلوان سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے اس بات کو برقرار رکھا ہے اور کہا ہے کہ ان کے خلاف الزامات جھوٹے ہیں۔
تاہم سیاستدان کے خلاف ابتدائی اطلاعات کی تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ اس نے کم از کم دو خواتین ریسلرز سے پیشہ ورانہ مدد کے بدلے جنسی خواہشات کا مطالبہ کیا اور نصف درجن سے زائد کھلاڑیوں کو ہراساں کیا۔