مجھے کہا گیا کہ اگر میں ہندوستان میں داخل ہونا چاہتا ہوں تو احتجاج کرنے والے کسانوں کے لنگر کی فنڈنگ بند کر دوں: این آر آئی تاجر
نئی دہلی، اکتوبر 30: ریاستہائے متحدہ میں مقیم تاجر درشن سنگھ دھالیوال نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستانی امیگریشن حکام نے ان سے کہا ہے کہ اگر وہ ملک میں داخل ہونا چاہتے ہیں تو زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے لیے لنگر کا اہتمام بند کر دیں۔
دھالیوال، جو امریکی شہری ہیں اور ہندوستانی نژاد شخص ہیں، جب وہ 23-24 اکتوبر کی رات دہلی پہنچے تو انھیں ہندوستان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
تاجر نے دی وائر کو بتایا کہ وہ جنوری، اپریل اور اکتوبر میں ہندوستان آئے تھے، جب سے اس نے سنگھو سرحد پر مشتعل کسانوں کے لیے لنگر یا کمیونٹی کچن کا اہتمام کرنا شروع کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ جب بھی میں ہندوستان آتا تھا تو امیگریشن حکام مجھ سے پوچھتے تھے کہ میں کسانوں کے احتجاج کی حمایت کیوں کر رہا ہوں اور لنگر کو کون فنڈ دے رہا ہے۔ ’’میں نے ان سوالات کو ہلکے میں لیا اور کبھی بھی اپنے خاندان کے ساتھ کچھ بھی شیئر نہیں کیا، یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ ہوائی اڈے کے عملے کی طرف سے معمول کی پوچھ گچھ ہے۔‘‘
لیکن جب وہ اکتوبر میں دہلی کے ہوائی اڈے پر پہنچے تو دھالیوال کو امریکہ واپس جانے کے لیے دو گھنٹے سے زیادہ انتظار کرنے کے لیے کہا گیا۔
انھوں نے بتایا ’’جب میں نے پوچھا کہ مجھے ہندوستان میں داخل ہونے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی ہے، تو امیگریشن حکام نے وہی سوالات کیے جو وہ پہلے بھی پوچھتے رہے ہیں کہ میں نے سنگھو بارڈر پر لنگر کا اہتمام کیوں کیا اور اس کے لیے کون ادائیگی کر رہا ہ۔انھوں نے کہا کہ اگر میں ہندوستان میں داخل ہونا چاہتا ہوں تو مجھے اس لنگر کی مالی امداد بند کر دینی چاہیے۔‘‘
دھالیوال نے دعویٰ کیا کہ جب انھوں نے مسئلہ کے بارے میں دوبارہ پوچھا تو امیگریشن حکام نے کہا کہ انھیں ’’اوپر سے آرڈر‘‘ آئے ہیں۔
دھالیوال 6 جنوری سے اپنے والد کی یاد میں سنگھو بارڈر پر لنگر کے لیے فنڈ فراہم کر رہے ہیں۔ تاجر نے کہا کہ اس نے لنگر کے لیے مکمل طور پر اپنے طور پر چندہ دیا ہے۔
وہ 1972 میں امریکہ چلے گئے تھے اور ملک میں 100 سے زائد پٹرول اور گیس سٹیشنز کے مالک تھے۔
دھالیوال نے اس سے قبل 2004 میں تمل ناڈو میں سنامی کی تباہی کے بعد لنگر اور امدادی کاموں کی مالی امداد کی تھی۔ انھوں نے 1,000 سے زیادہ طلبا کو ہندوستان اور بیرون ملک ان کی اعلی تعلیم کے لیے اسکالرشپ بھی دی تھی اور 2,000 سے زیادہ ہندوستانیوں کو امریکہ میں کاروبار قائم کرنے میں مدد کی تھی اور ملواکی، وسکونسن میں ایک فٹ بال گراؤنڈ بنانے کے لئے 1 بلین ڈالر یعنی تقریباً 7,491 کروڑ روپے کا عطیہ دیا تھا۔
امیگریشن حکام کے ذریعہ نشانہ بنائے جانے کے بعد بھی دھالیوال نے کہا کہ وہ کسانوں کے احتجاج کے حامی رہیں گے۔ انھوں نے کہا ’’میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر میں اب ہندوستان میں ہوتا تو میں یقینی طور پر دوبارہ سنگھو بارڈر کا دورہ کرتا‘‘۔
انھوں نے دی وائر کو بتایا کہ حالیہ واقعات ان کی روح کو پست نہیں کریں گے اور وہ لنگر کے لیے مالی امداد جاری رکھیں گے۔
اس واقعے کو کئی لوگوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دھالیوال کے بھائی سرجیت سنگھ رکھڑا، جو شیرومانی اکالی دل کے لیڈر ہیں، نے دی وائر کو بتایا کہ تاجر کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا گیا وہ ’’سراسر ناانصافی‘‘ ہے۔
انھوں نے کہا ’’میری بھانجی کی شادی 31 اکتوبر کو ہو رہی ہے اور درشن کی آمد کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا، کیوں کہ وہ ہم سب میں سب سے بڑا ہے۔ یہ مایوس کن ہے۔‘‘
شیرومانی سربراہ اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے میں مداخلت کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔ بادل نے کہا کہ امیگریشن حکام کی طرف سے دھالیوال کو روکنے کی جو وجوہات بتائی گئی ہیں وہ ’’عظیم گرو صاحبان کی طرف سے شروع کیے گئے لنگر کے مقدس عمل کی توہین ہیں۔‘‘
انھوں نے مودی سے درخواست کی کہ وہ دھالیوال کو ذاتی طور پر ایک ’’خیر سگالی کے اشارے کے طور پر مدعو کریں جو این آر آئیز کے لیے ایک عظیم مثبت اشارہ بھیجے گا۔ اور غلطی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں جنھوں نے اپنے عمل سے ملک کا نام بدنام کیا۔‘‘
شیرومانی گردوارہ پربندھک کمیٹی کی صدر بی بی جاگیر کور نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی۔ یہ کمیٹی پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش اور چندی گڑھ میں گردواروں کے انتظام کی ذمہ دار ہے۔
انھوں نے کہا ’’اگر حکومت نے اس طرح کے عجیب و غریب حربوں کو نہیں روکا تو اس سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ حکومت کو کسانوں کی تحریک سے ہمدردی رکھنے والے لوگوں کو ہراساں نہیں کرنا چاہیے، بلکہ احتجاج کرنے والے کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کی طرف بڑھنا چاہیے۔‘‘