2024 کے عام انتخابات کی منصوبہ بندی کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کی اکثریت جلد ہی میٹنگ کرے گی: کانگریس

نئی دہلی، مئی 22: کانگریس نے پیر کو کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کی ’’بڑی اکثریت‘‘ جلد ہی ملاقات کرے گی۔

یہ اعلان بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی دہلی میں کانگریس سربراہ ملکارجن کھڑگے اور پارٹی لیڈر راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’ہم نے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔ ایک سے دو دن میں اجلاس کی تاریخ اور مقام کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اکثر پارٹیاں اس میں شرکت کریں گی۔‘‘

جنتا دل (یونائیٹڈ) لیڈر نتیش کمار سے ملاقات کے بعد کھڑگے نے کہا کہ ان کا مقصد جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔

کھڑگے نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ملک اب متحد ہو جائے گا۔ جمہوریت کی مضبوطی ہی ہمارا پیغام ہے۔‘‘

نتیش کمار نے بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کے ساتھ اتوار کو عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال سے بھی ملاقات کی تھی۔ بہار کے دونوں رہنماؤں نے قومی دارالحکومت میں تمام نوکرشاہوں کے عہدوں اور تبادلوں کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر کو حتمی فیصلے کا اختیار دینے کے مرکز کے اقدام کی روشنی میں دہلی کے وزیر اعلی کی حمایت کی تھی۔

اتوار کو کیجریوال نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا تھا کہ وہ نیشنل کیپیٹل سول سروس اتھارٹی بنانے کے لیے مرکز کے حالیہ آرڈیننس کی مخالفت کریں، جو دہلی حکومت میں خدمات انجام دینے والے نوکرشاہوں کے تبادلے اور پوسٹنگ کا انتظام کرے گا۔

یہ آرڈیننس سپریم کورٹ کے 11 مئی کے اس فیصلے کی نفی کرتا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ قومی دارالحکومت میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کو پبلک آرڈر، پولیس اور اراضی کے محکموں کو چھوڑ کر بیوروکریٹس پر قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔